سابقے اور لاحقے کی تعریف اور مثالیں | Sabiqi awr lahiqi ke tareef aw misalin
سابقے اور لاحقے کی تعریف
ایسے کلمے یا حروف جو کسی لفظ سے پہلے یا بعد میں آ کر اس کے معنی میں اضافہ یا تبدیلی پیدا کریں، اصطلاحِ قواعد میں سابقے اور لاحقے کہلاتے ہیں۔
سابقہ وہ کلمہ یا حرف ہوتا ہے جو اصل لفظ سے پہلے آتا ہے۔ جیسے "درست” سے پہلے "نا” کا اضافہ کرکے "نادرست” بنا دیا گیا۔ اس اضافے نے اصل لفظ کے معنی کو یکسر بدل دیا۔ اسی طرح "سنجیدہ” سے پہلے "غیر” کا اضافہ کر کے "غیر سنجیدہ” بنایا گیا، جس سے مفہوم تبدیل ہو گیا۔
بعض اوقات سابقہ صرف ایک حرف پر مشتمل ہوتا ہے۔ مثلاً: "اٹل”، "امر”، "اٹوٹ” میں "الف” سابقہ ہے۔ سابقہ کو انگریزی میں Prefix اور فارسی میں پیشوند کہا جاتا ہے۔
اسی طرح، اصل لفظ کے بعد آنے والے کلمات یا حروف کو لاحقہ کہتے ہیں۔ جیسے "خوف” کے بعد "ناک” کا اضافہ کر کے "خوفناک”، یا "نمک” کے بعد "دان” کا اضافہ کر کے "نمک دان” بنایا گیا۔ ان لاحقوں نے اصل لفظ کے معنی میں وسعت یا نیا مفہوم پیدا کیا۔ لاحقہ کو انگریزی میں Suffix اور فارسی میں پسوند کہا جاتا ہے۔
سابقوں کی مثالیں
بد: بد مزاج، بدچلن، بدکردار، بدبو، بدصورت، بداخلاق، بدنصیب، بدبخت
با: باادب، بامراد، باصلاحیت، بااعتماد، بااثر، باحیا، باخبر، باہمت، بااختیار، باثمر
بے: بے وقوف، بے ہودہ، بے پروا، بے کار، بے مروت، بے رونق، بے رنگ، بے شرم
خوش: خوش شکل، خوش عادات، خوش خوراک، خوش گفتار، خوش خلق، خوش مزاج
دل: دل ربا، دل دار، دلچسپ، دلخواه، دلدوز، دلکش، دلفزا، دل آویز
خود: خودکار، خودرو، خودپسند، خود پرست، خود ساز، خودغرض، خوددار، خود انحصاری
شاہ: شاہ خرچ، شاہ بالا، شاہکار، شاہ مہر، شاہ زور، شاہ سوار، شاہ باز، شاہراہ، شاہرگ
ہم: ہم درد، ہم زبان، ہم مزاج، ہم رتبہ، ہم کلام، ہم درس، ہم شکل، ہم عصر، ہم نوا، ہم سر
نو: نو بہار، نوجوان، نوعمر، نومولود، نورستہ، نو گرفتار، نو دولتی، نو مشق، نو مسلم، نو وارد، نونہال
نا: ناسمجھ، ناواقف، نادان، نالائق، نااہل، ناتجربہ کار، ناکام، نادار، نافہم
لاحقوں کی مثالیں
آفریں: حیات آفریں، بہار آفریں، ہنر آفریں، بحر آفریں، حیرت آفریں، ہمت آفریں
افروز: خرد افروز، دل افروز، بہار افروز، جلوہ افروز، بزم افروز، رونق افروز، عالم افروز
آلود: زنگ آلود، خون آلود، زہر آلود، غبار آلود، غم آلود، قہر آلود، گرد آلود، غضب آلود
انگیز: حیرت انگیز، لطف انگیز، بغاوت انگیز، درد انگیز، دہشت انگیز، نفرت انگیز، ولولہ انگیز
اندیش: خیر اندیش، بداندیش، دور اندیش، عاقبت اندیش، کوتاہ اندیش، قال اندیش، مصلحت اندیش
آور: نشہ آور، نیند آور، زور آور، غصہ آور، قد آور، زبان آور، جنگ آور، جملہ آور، بار آور
باز: تلوار باز، نظر باز، رنگ باز، جگت باز، بشیر باز، دغا باز، دھوکا باز، پاک باز، چکر باز
بخش: علم بخش، نفع بخش، فائدہ بخش، شفا بخش، راحت بخش، صحت بخش، گنج بخش، ہمسرت بخش
دار: سمجھ دار، مزے دار، تحصیل دار، دولت دار، مال دار، کمان دار، جہاں دار، چوکی دار
دان: نمک دان، گل دان، پیک دان، انگل دان، چوہے دان، شیر دان، عنبر دان، پان دان
پروف ریڈر: [طیبہ ]
حواشی
کتاب ۔ اردو زبان : قواعد اور املا
موضوع ۔ سابقے لاحقے
صفحہ ۔ 64 تا 65
کورس کوڈ۔ 9010
مرتب کردہ۔ اقصٰی فرحین