محسن کاکوروی کی نعت گوئی

کتاب کا نام:شعری اصناف؛تعارف و تفہیم،
کورس کوڈ:9003،
موضوع:محسن کاکوروی،محسن کاکوروی کی نعت گوئی،
صفحات:60۔61،
مرتب کردہ:رومیصہ،

محسن کاکوروی کا تعارف

سید محمد محسن کا کوروی 1242ء میں بہ مقام کا کوری پیدا ہوئے۔ آپ کے والد کا نام مولوی حسن بخش اور دادا کا نام حسین بخش شہید تھا۔ آپ کے والد اپنے عہد کے جید عالم اور متقی و پرہیز گار بزرگ تھے اور شاعری بھی کرتے تھے۔ محسن کا کوروی نے جس گھر میں شعور کی آنکھ کھولی وہاں مذہبی ماحول تھا۔

جس میں تصوف کا رنگ اور عشق رسول کی چاشنی موجود تھی۔ محسن کاکوروی کونو سال کی عمر میں خواب میں رسول اکرم ﷺ کی زیارت نصیب ہوئی جس کو انھوں نے فارسی زبان میں نظم کیا۔ اپنی ابتدائی تعلیم دادا، والد اور پھر مولوی عبدالرحیم سے حاصل کی۔ تعلیم کے بعد کچھ عرصہ ملازمت کی اور پھر ہائی کورٹ سے وکالت کا امتحان پاس کر کے آگرہ میں وکالت شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: اردو میں نعتیہ شاعری کی تاریخ کا مختصر جائزہ

1857ء کی جنگ آزادی کے دوران آگرہ سے کا کوری پہنچے۔ امیر مینائی بھی اس زمانے میں یہاں موجود تھے۔ محسن کاکوری نے 1857ء میں” ایبانی نعت” کے عنوان سے ایک قصیدہ لکھا جس کی تضمین "مخمس نعتیہ” کے تاریخی نام سے امیر مینائی نے کہی۔ دونوں قصیدوں نے شہرت حاصل کی۔ جنگ آزادی کے بعد جب امن قائم ہوا تو آپ نے دوبارہ وکالت شروع کر دی اور چالیس بیالیس سال تک اس پیشے سے وابستہ رہے۔

18 رصفر 1323ھ بروز دوشنبہ بہ مطابق 24 اپریل 1905ء میں نامی پریس کان پور سے چھپوا کر شائع کروایا۔ اس کلیات میں پانچ قصیدے گل دستہ رحمت، ایبات نعت، مدیح خیر المرسلین علم دل افروز اور انیس آخر شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ دوسری سراپائے رسول اکرم اور چھتر شہنشائی جب کہ 29 رباعیات، 19 تکمیل و ناکھل غزلیں بھی ہیں ۔ کلیات کے آخر میں قطعات تاریخ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اردو نعت گوئی کے چند اہم نام

محسن کا کوروی کی نعت گوئی

محسن کا کوروی نے زندگی بھر نعت ہی کو موضوع سخن بنایا۔ ان کی نعتیہ شاعری میں خلوص، عقیدت اور عشق رسول کا رنگ جھلکتا ہے۔ نور الحسن نیئران کی نعتیہ شاعری کی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے رقم طراز ہیں:

"مضامین کی بلند پروازی، الفاظ کا شان و شکوہ، بندش کی چستی ان کا خاصہ طبیعت ہے اور اس کا یہ نتیجہ ہے کہ مثنوی صبح تجلی و چراغ کعبہ میں بھی قصائد کا لطف پایا جاتا ہے۔
تشبیب و گریز لکھنا ان کا حصہ تھا۔ خاتمہ ومناجات میں وہ طرز خاص کے موجد ہیں ۔”
(نور الحسن نئیر ، کلیات محسن ، کان پور نامی پریس، 1905 روس : 27-26)

محسن کا کوروی نے نعت گوئی میں موضوع کی مناسبت سے عشق اور جذبے کو اپنی شاعری میں قائم رکھا اور لکھنوی رنگ اختیار کرتے ہوئے ہندی الاصل الفاظ کو اپنے کلام میں پوری طرح کھپایا۔ جو ان کی انفرادیت اور ان کی اصل پہچان بنا۔ اگر چہ ان کے اس عمل سے ان کی نعتیہ شاعری میں مشکل پسندی در آئی۔ ڈاکٹر جمیل جالی لکھتے ہیں:

"مشکل شاعری ہے لیکن جس میں عقیدے کی گرمی اور رسول اکرم ﷺ کے سچے عشق کے اظہار نے سرمستی و سرشاری سے مل کر ایسی دل ربا شعریت پیدا کر دی ہے کہ پڑھنے یا سننے والا مسحور ہو جاتا ہے۔”
(ڈاکٹر جمیل جالبی، تاریخ ادب اردوہ لاہور مجلس ترقی ادب، جلد چہارم بس 1408)

محسن کا کوروی نے نعت رسول ﷺ کے لیے مختلف ہئیتوں کو اپنایا۔ ان کے دور میں قصیدے کا چلن عام تھا۔ انڈا ان کی تمام شعری تخلیقات میں قصیدے کا رنگ نمایاں نظر آتا ہے۔ انھوں نے آرائش شعر کے عناصر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مثنوی میں بھی قصیدے کا رنگ شامل کر دیا۔ ڈاکٹر ریاض مجید لکھتے ہیں :

"محسن کاکوروی کے فن کا کمال یہ ہے کہ انھوں نے موضوع کی مناسبت سے الفاظ کا انتخاب کیا۔ یہ ان کے فن کا اعجاز ہے کہ انھوں نے بلیغ استعارات اور پاکیز و تشبیبیات کے باعث شروع سے آخر تک مثنوی کی فضا میں طہارت و تقدس کا عنصر برقرار رکھا ہے۔ تلمیحات کی ندرت وکثرت نے ان کی مثنوی میں بھی قصیدہ کی شان پیدا کر دی ہے۔ "

(ڈاکٹر ریاض مجید، اردو میں نعت گوئی ہیں : 266)

محسن کی نعتیہ شاعری میں صنعت گری کا عنصر شامل ہے جو لکھنوی شاعری کی ایک اہم خصوصیت شمار کی جاتی ہے۔ صنعت گری میں بھی انھوں نے لکھنوی مزاج کے برعکس اپنی انفرادیت برقرار رکھی اور ان کے استعمال میں شاعرانہ لطافتوں کو ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ ڈاکٹر ابو اللیث صدیقی لکھتے ہیں:

"ان کی رعایت بے ساختہ، ان کی تشبیہات اور استعارات جان دار اور ان کا عام انداز شاعرانہ ہے۔ ان تکلفات کی وجہ سے کلام میں کوئی الجھن پیدا نہیں ہوتی۔ تلمیحات بھی ہیں اور بہ کثرت ہیں لیکن بندش کی چستی اور ظلم کی روانی ایسی ہے کہ طبیعت اس پر رک کر نہیں رہ جاتی ۔”
( ڈاکٹر ابواللیث صدیقی ، اردو کا دبستان لکھنو جلد دوم، ص : 212)

انھوں نے خلاصہ قرآنی اور حدیث نبوی کی تلمیحات کا استعمال کر کے بلاغت اور فصاحت پیدا کی اور نعت کو شریعت کی حدود میں مقید رکھا۔

وٹسپ پر اس فائل کا پی ڈی ایف یہاں سے حاصل کریں