انشائیہ، مضمون اور مقالے میں فرق | Inshaiya, Mazmoon aur Maqala mein Farq
انشائیہ، مضمون اور مقالے میں فرق
اردو نثر کی یہ تین الگ الگ اصناف ہیں۔ اس لیے ان کے درمیان فرق کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ ہے ۔ اس لیے ان کی تعریفات سے آگاہی بھی ضروری ہے تا کہ تحریر لکھتے وقت ان کی انفرادی حیثیت مجروح نہ ہو ۔ انشائیہ کے بارے میں ڈاکٹر گیان چند جین کہتے ہیں:
یہ بھی پڑھیں: انشائیہ نگاری کی خصوصیات، تحریر و انشا عملی تربیت مضمون اور انشائیہ | PDF
"انگریزی میں اسے Light Essay کہتے ہیں ۔ اس میں کوئی ادیب اپنے جذبات و خیالات کو کسی حد بندی کے بغیر من مانے طور پر سپرد قلم کرتا جاتا ہے۔ اس کا انداز ادبی اور نقطہ نظر خالص شخصی ہوتا ہے۔ اس میں علمی سنجیدگی یا ثقالت نہیں ہوتی ۔” ( ڈاکٹر گیان چند جین ، ادبی اصناف، گجرات گجرات اردو اکادمی ، اشاعت اول ستمبر ۱۹۸۹ء ص: ۱۳۳ )
ڈاکٹر بشیر سیفی انشائیہ اور مضمون کا فرق بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
"مضمون میں عموماً ایک تمہید ہوتی ہے؛ جس میں مضمون کا تعارف کرایا جاتا ہے۔ پھر اس کی خوبیاں یا خامیاں دلائل کے ساتھ واضح کی جاتی ہیں اور آخر میں نتیجہ اخذ کیا جاتا ہے۔ اس کے بر عکس انشائیہ مضمون نگاری کا ایک خاص انداز ہے جس میں تمہید ہوتی ہے نہ دلائل کا کوئی سلسلہ قائم کیا جاتا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: بیسویں صدی میں انشائیہ نگاری کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ | PDF
انشائیہ نگار موضوع کے بارے میں اپنے شخصی تجربات اور انفرادی تاثرات کچھ اس طرح پیش کرتا ہے کہ اس کی شخصیت کا کوئی چھپا ہوا گوشہ قارئین پر منکشف ہوتا ہے ۔”
( ڈاکٹر بشیر سیفی ، اردو میں انشائیہ نگاری، لاہور ص : ۲۱)
جب کہ” مقالہ” کے بارے میں ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی کا کہنا ہے:
” کسی خاص موضوع پر علمی و تحقیقی انداز میں تحریری اظہار خیال کو مقالہ کہیں گے۔ مضمون اور مقالہ در حقیقت ایک صنف کے دو روپ ہیں ۔ دونوں کے درمیان فرق صرف یہ ہے کہ مضمون قدرے مختصر ہوتا ہے ۔ اس کا انداز تاثراتی اور مفہوم سادہ ہوتا ہے، جب کہ مقالہ نسبتا طویل اور عالمانہ ہوتا ہے۔
مقالے میں مضمون کی نسبت زیادہ گہرائی ہوتی ہے اور وہ زیادہ ٹھوس ہوتا ہے۔ دراصل مضمون اور مقالے میں اختصار یا طوالت کا فرق بھی کچھ اہم نہیں ۔ اصل اہمیت دونوں کے درمیان اختلاف مزاج کی ہے“
( ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی ، اصناف ادب، لاہور، سنگ میل پبلی کیشنز ، ۲۰۰۸، ص: ۱۴۹-۱۵۰)
ان تعریفات سے انشائیے، مضمون اور مقالے میں جو تفاوت نظر آتا ہے ۔ اس کے مطابق مقالہ مضمون کی توسیعی شکل ہے ۔دقیق موضوعات اور مسائل جو مضمون وانشائیے میں چھیڑے نہیں جاسکتے وہ مقالے کی زینت بن جاتے ہیں۔
پروف ریڈنگ: شمیم اشفاق
حواشی
موضوع۔تحریر و انشا
(عملی تربیت )
کورس کوڈ ۔9008
مرتب کردہ. فاخرہ جبین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔