موضوعات کی فہرست
تحقیق کی تاریخ اور لغوی معنی
لغات میں تحقیق کے معنی کھوج, تفشیش، دریافت ، چھان بین دیئے ہیں۔ تحقیق کا عمل بنی نوع انسان کے بچپن سے تا حال نیز ایک فرد کے بچپن سے حین حیات جاری رہتا ہے۔ قدیم قبائلی انسان نے مظاہر فطرت مثلاً سورج کا نکلنا اور ڈو بنا، رات ہونا ، آندھی ، بارش، سیلاب، زلزلہ وغیرہ کی اپنی فہم کے مطابق تاویلیں کیں۔
زلزلے کے لیے کہا گیا کہ زمین ایک گائے کے سینگ پر رکھی ہے، وہ سینگ بدلتی ہے تو زلزلہ آتا ہے۔
سادہ لوحوں بلکہ ابلہوں کے گاؤں کا ایک قصہ مشہور ہے۔ ایک دن بارش ہوئی تھی۔ رات میں ایک ہاتھی اس گاؤں سے گزر گیا ۔ صبح کو لوگ اتنے بڑے نقوش پاو یکھ کر متعجب ہوئے ۔ انھوں نے اس کی تحقیق کے لیے بستی کے محقق اعلیٰ لال بجھکڑ سے پوچھا۔ اس نے ایک کا ہن کی طرح جواب دیا۔
پاؤں میں چکی باندھ کر کوئی ہرنا کودا ہوئے
یا رات اکٹھی ہوگئی ہو یا دلی والا ہوئے
دلی والا سے مراد مغل بادشاہ ہے جو چوں کہ بہت بڑا تھا اس لیے اس کے پاؤں کے نشان بھی ایک تھالی کے برابر ہوں گے۔ رات اکٹھی ہونے کے شاعرانہ خیال اور پیرا یہ اظہار کی داد دیجیے لیکن یہ تاویلیں حقیقت سے کوسوں دور تھیں، اس لیے درست تحقیق نہ تھیں
تحقیق کی تعریف
ہمیں یہاں ہر قسم کی چھان بین سے سروکار نہیں ، ہم تحقیق کو بطور ایک علمی اصطلاح کے استعمال کر رہے ہیں۔ ہمارا سر و کار ادبی تحقیق سے ہے۔ مولانا کلب عابد پروفیسر شعبہ دینیات ، مسلم یونیورسٹی نے اپنی کتاب عماد التحقیق میں تحقیق کے لفظ کی یہ تشریح کی ہے۔
"تحقیق عربی زبان کا لفظ ہے۔ یہ باب تفعیل سے مصدر ہے۔ اس کے اصلی حروف ح ق ق ہیں ۔ اس کا مطلب ہے حق کو ثابت کرنا یا حق کی طرف پھیرنا (1)
حق کے معنی سچ ہیں ۔ مادہ حق سے دوسرا لفظ حقیقت بنا ہے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ تحقیق سچ یا حقیقت کی دریافت کا عمل ہے۔
ڈاکٹر سید عبداللہ کے مطابق تحقیق کے لغوی معنی کسی شے کی حقیقت کا اثبات ہے۔ اصطلاحاً یہ ایک ایسے طرز مطالعہ کا نام ہے جس میں موجود مواد کے صحیح یا غلط کو بعض مسلمات کی روشنی میں پر کھا جاتا ہے۔
قاضی عبدالودود کہتے ہیں۔ تحقیق کسی امر کو اس کی اصلی شکل میں دیکھنے کی کوشش ہے ۔ (2)
اس تعریف کے الفاظ کافی نہیں ۔ اگر حقیقت افشا ہے تو اس کی اصلی شکل کو دیکھنا تحقیق نہیں۔ اگر میں میز کرسی پر بیٹھا لکھ رہا ہوں اور گردن گھما کر ایک طرف پڑی کرسی کو دیکھتا ہوں تو یہ کوشش بھی ہے اور کرسی اپنی اصلی شکل میں بھی دکھائی دیتی ہے لیکن یہ تحقیق نہیں ۔ کہنا چاہیے جب کسی امر کی اصلی شکل پوشیدہ یا مبہم ہو تو اس کی اصلی شکل کو دریافت کرنے کا عمل تحقیق ہے۔ جیسا کہ مولانا کلب عابد نے واضح کیا۔
انگریزی لفظ ریسرچ کو لیجیے۔ اس کے ایک معنی توجہ سے تلاش کرنا ہیں، دوسرے معنی دوبارہ تلاش کرنا ہیں، رابرٹ راس کے مطابق یہ فرینچ لفظ Rechercher سے نکلا ہے جس کے معنی ہیں پیچھے جا کر پھر تلاش کرنا۔
ہندی میں اصول تحقیق کی کتابیں بہت بڑی تعداد میں ہیں ان میں تحقیق کے مفہوم اور ماہیت کے بارے میں بھی بحث ہے۔ ہندی میں اس کے لیے کئی اصطلاحیں ہیں ۔
انو سندھان۔ اس کا مادہ دھا ہے جس کے معنی برقرار رکھنا ہیں ۔ سندھان کے معنی لکش (Target) یعنی مقصود برقرار رکھنا یا نشانہ لگانا۔ انو’ کے معنی ہیں پیچھے یعنی کسی مقصود یا نشانے کا تعاقب کرنا۔ انوسندھا کے ایک معنی ٹوٹے بکھرے دھاگوں کو جوڑنا بھی ہیں ۔
تحقیق کی اقسام
تحقیق کی دو قسمیں خالص نظریاتی تحقیق اور اطلاقی تحقیق ہیں۔ یہ فرق قدرتی (Natural) سائنسوں میں زیادہ نظر آتا ہے۔ طبعیات میں کچھ محقق نظریاتی (Theoritical) تحقیق والے ہوتے ہیں۔ دوسرے عملی تحقیق والے۔ سائنس کی اطلاقی تحقیق ڈاکٹری علوم ، زراعت و باغبانی، نیز انجینئری وغیرہ میں زیادہ نمایاں ہوتی ہے۔ سماجی سائنسوں کی تحقیق میں علاقائی جائزہ (فیلڈ ورک اور سروے ) بہت اہم ہوتا ہے، جو سوال ناموں، انٹرویو، گھوم پھر کے اعداد و شمار (Data) اکٹھا کرنا اور ان سے استخراج نتائج پر مشتمل ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر تیل صاف کرنے کا کارخانہ یا فولادی برتنوں کی چھوٹی فیکٹری لگانی ہے تو مختلف عوامل کا جائزہ لے کر طے کیا جائے کہ کون سا مقام موزوں ترین ہوگا۔ تاریخ کی اطلاقی تحقیق کا بہترین مظہر آثار قدیمہ کی کھوج ہے جس میں تاریخ کے ساتھ ساتھ سائنسوں سے بھی کسی قدر مدد لی جاتی ہے۔ تحقیق کے پورے میدان کو پیش نظر رکھ کر کہہ سکتے ہیں کہ تحقیق کی دو اہم ترین قسمیں تجزیاتی اور تاریخی تحقیق ہیں۔ لسانیات میں بھی یہی دو اہم قسمیں ہیں۔ زبانوں کا عہد بہ ر عہد ارتقا د یکھنا تاریخی لسانیات ہے، کسی زبان یا بولی کا ایک دور میں ( عموماً معاصر دور میں ) مطالعہ کرنا وضاحتی لسانیات ہے جو سائنس کی طرح تجزیاتی ہوتی ہے۔ادبی تحقیق سائنس کی خالص تحقیق (Pure Research) کی طرح غیر اطلاقی یا تصوری ہوتی ہے۔ اس کا طریقہ بیشتر تاریخی اور کمتر تجزیاتی ہوتا ہے۔ اکثر صورتوں میں دونوں طریق مل جاتے ہیں جن میں تاریخی عصر قدرے زیادہ اور تجزیاتی قدرے کم ہوتا ہے۔ مثلاً ہمیں یہ تحقیق کرنی ہے کہ امیر خسرو سے منسوب ہندی شاعری خسرو کی ہے کہ نہیں تو ایک طرف ہم زماں میں پیچھے کی طرف جا کر دیکھیں گے کہ ان کے نسخے اور حوالے کسی دور تک ملتے ہیں ۔ دوسری طرف ہم ان کی زبان کا تجزیہ کریں گے کہ یہ خسرو کے دور کی ہے کہ نہیں ۔
ادبی تحقیق کی اقسام
اردو کی ادبی تحقیق کی ذیلی قسمیں طے کرنے سے قبل ہم ہندی میں ادبی تحقیق کی اقسام پر نظر کرتے ہیں ۔ڈاکٹر وجے پال سنگھ ( سابق پروفیسر و صدر شعبہ ہندی ، بنارس ہندو یونیورسٹی ) کے نزدیک ذیل کی اقسام ہیں:
نفسیاتی تحقیق
نفسیاتی تحقیق یعنی مختلف اصناف، رجحانات ، ، ادیبوں اور کتابوں کا نفسیاتی مطالعہ۔
تہذیبی تحقیق
تہذیب کو وسیلہ اور ادب کو مقصود یا اس کے بالعکس مان کر تحقیق کرنا
تاریخی تحقیق
تاریخ اور ادب کے مشترکہ موضوعات مثلاً تاریخی ناول ۔ انیسویں صدی میں قومی بیداری
تقابلی تحقیق
اس میں ایک ادب کا دوسرے ادب سے یا کئی ادیبون کا ایک دوسرے سے تقابل کیا جاتا ہے