مضمون کی اقسام
مضمون کی اقسام، موضوع اور ساخت کے لحاظ سے مضمون کی کئی اقسام ہیں ۔ ان میں سے چند اہم اقسام کا ذکر درج ذیل ہے.
علمی مضامین
ایسے مضامین جن میں علمی مباحث کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ کسی بھی علمی موضوع پر دلائل کے ساتھ منطقی بحث کی جاتی ہے اور آخر میں علمی بحث کے بعد نتائج اخذ کر لیے جاتے ہیں ۔ اس قسم کے مضامین میں استدلال کو عنصر غالب ہوتا ہے اور ان کا تعلق معاشرتی، سیاسی، معاشی تعلیمی، ثقافتی، تہذیبی اور علمی نوعیت کے موضوعات سے ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک معیاری مضمون کی خصوصیات
ادبی مضامین
ان مضامین میں ادب اور ادب سے متعلق موضوعات پر مباحث شامل ہوتے ہیں ۔ ادب کی کسی بھی جہت اور کسی بھی قسم پر تنقیدی نقطہ نظر سے اظہار خیال کیا جاتا ہے اور دلائل سے اپنے مؤقف بیان کیا جاتا ہے۔ ان موضوعات پر قلم اٹھانے سے پہلے وسیع مطالعہ ہونا ضروری ہے تا کہ موضوع کو ہر زاویۀ نگاہ سے دیکھ کر کسی فیصلے پر پہنچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: مضمون تعارف و مفہوم
موضوعات کی فہرست
قومی و ملّی مضامین
ان مضامین میں امتِ مسلمہ اور وطنِ عزیز کے کسی پہلو پر اظہار خیال کیا جاتا ہے اور عنوان کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تجاویز یا سفارشات پیش کی جاسکتی ہیں۔ ان مضامین کے لیے ایک مفکر کی طرح اپنی آرا کو منطقی ترتیب سے پیش کرنا ہوتاہے۔ اس قسم کے مضامین میں سوچ بچار کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
تاریخی مضامین
اس قسم کے مضامین کا تعلق تاریخ ،تاریخی عمارات اور تاریخی شخصیات سے ہوتا ہے۔ اقوام و ملّل کے عروج و زوال، مصلحانِ قوم اور تاریخی حالات کے تجزیے ان مضامین کے بہترین موضوعات ہو سکتے ہیں۔ ان مضامین میں حد درجہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے کیوں کہ کسی بھی تاریخی واقعہ یا تاریخی شخصیت کے بارے میں کئی آرا ہو سکتی ہیں۔ اس لیے مضمون نگار کا فرض ہے کہ وہ تمام آرا کو مدِ نظر رکھ کر کوئی فیصلہ کریں۔
سوانحی مضامین
سوانحی مضامین کسی بھی شخصیت کے حالاتِ زندگی پر مبنی ہوتے ہیں۔ ان مضامین میں سب سے پہلے شخصیت کا تعارف کروایا جاتا ہے پھر اس کی تعلیم وتربیت کا ذکر ہوتا ہے اور پھر اس کی وجہِ شہرت کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور آخر میں مذکورہ شخصیت کے آخری ایام اوروفات کا بیان ہوتا ہے ۔
تعلیمی مضامین
ان مضامین میں تعلیم و تدریس کے مباحث ہوتے ہیں۔ ان مضامین کو احاطۀ تحریر میں لانے کے لیے ضروری ہے کہ شعبئہ تعلیم کی اصطلاحات طریقہ ہائے تدریس، نصاب سازی ،تعلیم کے نظریات اور شعبئہ تعلیم و تدریس کے تمام عناصر سے آگاہی ہو ناکہ زیر بحث موضوع کا حق ادا کیا جاسکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نام. . . . . . نمرہ سخی
حواشی
کتاب کا نام ۔۔۔۔تحریر و انشاء(عملی تربیت)
کورس کوڈ۔۔۔۔۔۔9008
(بی ایس اردو)
صفحہ ۔۔۔۔۔۔17
موضوع ۔۔۔۔۔مضمون کی اقسام
مرتب کردہ ۔۔۔۔۔۔کنول
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔