خط کی اقسام
خط کی اقسام، خط نویسی کسی مقصد یا مدعا کی آئینہ دار ہے۔ نجی اور ذاتی ضرورتوں کے تحت اپنے عزیز واقارب کو لکھے گئے خطوط کا انداز الگ ہوتا ہے، اسی طرح کاروباری یا سرکاری خطوط اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں – خط نویسی کو پانچ بڑی قسموں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
ا۔نجی یا ذاتی خط
2.دفتری اور سرکاری خط
3.کاروباری یا تجارتی خط
4.رسمی خط
5.عمومی خط
نجی و ذاتی خط
نجی یا ذاتی خطوں کو شخصی خطوط بھی کہا جاتا ہے۔ یہ خط عام طور پر اپنے عزیز واقارب، دوستوں ،رشتہ داروں اور تعلق رکھنے والے افراد کو لکھے جاتے ہیں۔ یہ خط ذاتی اور نجی معاملات باہمی مسائل یا محض ایک دوسرے کی خیر و عافیت معلوم کرنے کے لیے لکھے جاتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: خطوط غالب کا فنی تجزیہ | PDF
موضوعات کی فہرست
ان میں تکلف اور تصنع نہیں ہوتا ، دل کی بات کو بغیر کسی رکاوٹ کے کاغذ پر درج کر دیا جاتا ہے۔ ان خطوط کی مدد سے لکھنے والے کے مزاج ، انداز، علم اور حالات کا پتا چلتا ہے اور مکتوب الیہ کے ساتھ اُس کی وابستگی اور تعلق کی نشان دہی بھی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خطوط اقبال کا تنقیدی جائزہ | PDF
والدین اور اساتذہ کے نام لکھے جانے والے خطوط میں ان سے بے پناہ تعلق اور جذباتی وابستگی کے باوجود عزت و احترام کا رنگ شامل ہوتا ہے، جو دوسرے خطوط میں نہیں ملتا۔ دوستوں اور ہم عصروں سے خطوط میں جو چھیڑ چھاڑ یا بے تکلفی برتی جاتی ہے وہ بالعموم رشتہ داروں اور بڑوں کے نام خطوط میں موجود نہیں ہوتی۔
الگ الگ ذائقہ رکھنے کے باوجود نجی اور شخصی خط ایک ہی قسم میں شمار ہوتے ہیں۔ مکتوب نویس کا مکتوب الیہ سے تعلق ہر خط کو مختلف رنگ عطا کرتا ہے ادیبوں، شاعروں ، عالموں اور فن کاروں کے خط بھی نجی خطوط میں شامل ہیں۔
دفتری یا سرکاری خط
اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ خط شخصی خطوط سے بالکل مختلف ہوتے ہیں ۔ بے تکلفانہ رنگ و آہنگ ان میں اپنا جلوہ نہیں دکھا سکتا۔ یہ خطوط ایک خاص طرز اور انداز میں لکھے جاتے ہیں، جدت طرازی ان کے مفہوم و معنی کی ترسیل میں رخنہ پیدا کر سکتی ہے، اس لیے دفتری نوع کے خطوط میں جدت طرازی کے بجائے لگے بندھے قواعد کا احترام کیا جاتا ہے۔
دفتری مسائل ، شکایات اور تبادلے اور ترقی کی غرض سے لکھے ہوئے خط قریب قریب ایک جیسے اسلوب کے حامل ہوتے ہیں۔ افسروں اور ماتحتوں کے خطوط اپنے اپنے منصب اور مقام کی نشان دہی ضرور کرتے ہیں تا ہم اُن کا طریقہ یکساں ہوتا ہے۔
حکومتی احکامات ، انتظامی معاملات ، دفتری طریقہ کار اور سرکاری مسائل کی درست پیش کش اور ترسیل کے لیے دفتری زبان اور سر کاری اسلوب نگارش کو پیش نگاہ رکھنا ضروری ہے ۔ ان خطوط کی اپنی اہمیت ہوتی ہے تاہم انشائی نقطہ نگاہ سے خطوط کی یہ قسم دل کشی سے عاری ہے، اس لیے اسے خط کی جامد قسم خیال کرنا غلط نہیں۔
کاروباری یا تجارتی
سرکاری خطوط کی طرح کاروباری خطوط بھی بے تکلفانہ رنگ کو قبول نہیں کرتے ۔ یہ خطوط بالعموم دکان داروں، کمپنیوں، فرموں اور تجارتی اداروں یا ان سے وابستہ افراد کو لکھے جاتے ہیں ۔ ان میں بالعموم تجارتی اغراض و مقاصد یا کاروباری معاملات کی تشریح و تفصیل موجود ہوتی ہے ۔ اس قسم کے خطوط میں دلی کیفیات اور احساسات کے بجائے معاملے کی نوعیت اور کاروباری اہمیت کو پیش نظر رکھا جاتا ہے ۔
کاروباری یا تجارتی خطوط کی زبان عام فہم ، واضح اور غیر مبہم ہوتی ہے۔ اختصار اور جامعیت اس طرح کے خطوں کا بنیادی تقاضا ہے۔ طول کلامی اور تفصیل گوئی کاروباری خطوط کی افادیت اور اہمیت کو کم کر دیتی ہے۔ یہ خط بھی تخلیقیت اور ادبیت کے رنگ سے بالعموم عاری ہوتے ہیں ۔
عمومی خط
عمومی خط اپنے مندرجات اور نفس مضمون کے اعتبار سے شخصی خط سے مختلف ہوتا ہے۔ عمومی خطوط کا مخاطب بالعموم ایک شخص یا فرد ہوتا ہے مگر مکتوب نویس یا خط لکھنے والے مختلف افراد ہوتے ہیں۔ جیسے اخبار کے ایک مدیر کو مختلف لوگ خط لکھتے ہیں، کوئی اپنے خط میں کسی سیاسی مسئلے کو نمایاں کرتا ہے تو کوئی کسی سماجی مسئلہ کی نشان دہی کرتا ہے۔
کسی کا مقصد واقعات اور حالات کی صحیح تصویر پیش کرنا ہوتا ہے اور کوئی کسی ادارے یا فرد کی خرابیوں کی نشان دہی کر کے بہتری لانے کا متمنی ہوتا ہے۔ اس نوع کے تمام خطوط عمومی خط کہلاتے ہیں ۔ سماجی صورت حال کی پیش کش اور اصلاح کی خواہش ان خطوط کا محرک اول ہوتی ہے۔ سرکاری وکاروباری خطوط کے برعکس عمومی خطوں میں عام طور پر مبالغہ آرائی اور طول کلامی سے کام لیا جاتا ہے تا کہ مقصد و مطلب کی موثر ترسیل ممکن ہو۔
رسمی خط
رسمی خطوط بالعموم دعوت نامے کو کہا جاتا ہے۔ شادی بیاہ اور دوسری تقریبات میں بلاوے یا شرکت کے لیے لکھے گئے خط یا دعوت نامے رسمی خط کہلاتے ہیں علمی وادبی پروگراموں، سیمیناروں اور کانفرنسوں کے دعوت نامے بھی اس طرز میں شامل ہیں ۔ ان دعوت ناموں کے مخاطب بالعموم بہت سے افراد ہوتے ہیں، اس لیے انھیں مخصوص انداز میں تحریر کیا جاتا ہے۔
تحریر اور اس کی پیش کش کا انداز بالعموم ایک ہی طرح کا ہوتا ہے۔ اگرچہ بعض افراد اپنی اپج اور اختراعی صلاحیت کے باعث اس میں بھی کمی بیشی کرتے ہیں تا ہم محدد دائرے میں انھیں زیادہ پرداز کرنے کا موقع نہیں ملتا اور رسمیت کے رنگ سے باہر نکلنا ان کے لیے ممکن نہیں ہوتا ۔
پروف ریڈنگ: حمیرا شاہین
حواشی
موضوع ۔خط کی اقسام کتاب ۔تحریر و انشا(عملی تربیت)،کورس کوڈ ۔9008،مرتب کردہ ۔فاخرہ جبین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔