موضوعات کی فہرست
اردو کی آخری کتاب تنقیدی جائزہ
اردو کی آخری کتاب دراصل محمد حسین آزاد کی اردو کی پہلی کتاب کی پیروڈی ہے۔. اردو میں زیادہ تر پیروڈی شاعری میں کی گئی ہے۔ نثر میں پیروڈی کی یہ کتاب ایک عمدہ مثال ہے۔ یہ کتاب دراصل اخباری روز نامچوں کا مجموعہ ہے۔ حالانکہ کالم کی عمر زیادہ نہیں ہوتی لیکن ابن انشا کے طنز و مزاح کی بدولت اس کتاب کا شمار اردو ادب کی بہترین کتابوں میں ہوتا ہے۔ کتاب کے صفحے صفحے پر شگوفے پھوٹتے ہیں، کہیں قاری زیر لب مسکراتا ہے تو کہیں ہنس دیتا ہے۔
کتاب میں موجود 101 کارٹون اپنی بہار علیحدہ دکھاتے ہیں، جن کی بدولت کتاب کی دلچسپی میں اضافہ ہوا۔ ان کارٹونوں کے خالق نجمی کی بدولت کتاب کی دلکشی اور معنویت میں اضافہ ہوا۔ ان کے طنزیہ اسلوب کی بڑی خوبی یہ ہے کہ مواد تلخ حقائق پر مبنی ہونے کے باوجود بھی اسلوب کی بدولت تلخی پیدا نہیں ہوتی، مثلاً جغرافیہ کے باب میں لکھتے ہیں :
"کولمبس نے جان بوجھ کر یہ حرکت کی یعنی امریکہ دریافت کیا، بہر حال اگر یہ غلطی بھی کی تو بہت سنگین غلطی تھی۔ کولمبس تو مر گیا، اس کا خمیازہ ہم لوگ بھگت رہے ہیں۔”
ایک جگہ لکھتے ہیں:
"علم بڑی دولت ہے لیکن جس کے پاس علم ہوتا ہے اس کے پاس دولت کیوں نہیں ہوتی اور جس کے پاس دولت ہوتی ہے اس کے پاس علم کیوں نہیں ہوتا” ۔
ابن انشا نے تلخ حقائق مثلاًہماری خود غرضی، ہماری تاریخی اور سیاسی غلطیاں، حکمرانوں کے غلط فیصلے ، ان کی عاقبت اندیشی، ناجائز ذرائع آمدن، مذہبی طبقے کی تنگ نظری جیسے حساس موضوعات کو لطیف اور شگفتہ پیرائے میں بیان کیا ہے۔
کتاب کے بارہ عنوانات باندھے گئے ہیں،جو حسب ذیل ہیں:
- ایک سبق جغرافیے کا،
- خاندان غزنوی سے خاندان لودھی تک،
- احوال خاندان مغلیہ کا،
- اکبر کے نو رتن،
- ایک سبق گرامر کا،
- ریاضی کے قاعدے،
- ابتدائی سائنس،
- دوسری دفعہ کا ذکر ہے،
- بیان جانوروں کا،
- احوال چند پرندوں کا،
- گردو پیش کی چیزیں اور چند مناظر فطرت۔
کتاب میں امتحانی سوالات دیے گئے ہیں جو بجائے خود نہایت دلچسپ ہیں اور خالص مزاح کی اچھی مثالیں ہیں۔
مثلاً :
خط نستعلیق اور خط استوا میں کیا فرق ہے؟
زمین کو سورج کے گرد گھما کر گلیلیو کو کیا ملا؟
پانی پت کی پہلی لڑائی کہاں ہوئی تھی ؟
فیروز تغلق نے فیروز اللغات کیوں لکھی تھی ؟
ابن انشا کی اردو کی آخری کتاب مزاح نگاری میں سب سے جدامقام رکھتی ہے۔ سب سے بڑھ کے ، اسے ہر طبقے میں پسند کیا جاتا ہے۔ ابن انشا کا مزاح بچوں اور بڑوں ، سب کے لیے ہوتا ہے۔ اس کتاب میں بھی ہمارے قومی واقعات، بیانیوں اور تاریخی شواہد پر ہلکے پھلکے انداز میں اس طرح فائز کیا گیا ہے کہ اس میں مزاح بھی پیدا ہوتا ہے اور ساتھ ہی پڑھنے والے کے سامنے بہت سے حقائق بھی آجاتے ہیں۔
10 خود آزمائی
1۔خاکہ نگاری کے فن کے متعلق جامع نوٹ لکھیں۔
2۔شاہد احمد دہلوی کی خاکہ نگاری کی بنیادی خصوصیات کیا ہیں؟
3۔خاکہ "ڈپٹی نذیر احمد "میں شاہد احمد دہلوی نے کن شخصی خوبیوں پر زور دیا ہے؟
4۔بیگم اختر ریاض الدین کی سفر نامہ نگاری پر نوٹ لکھیں۔
5۔”سات سمندرپار”کا ایک حصہ”قاہرہ”کا خلاصہ بیان کریں۔
6۔قاہرہ کے سفر کے دوران بیگم اختر ریاض الدین نے کن چیزوں کو نمایاں کیا ہے؟
7۔طنز و مزاح میں ابن انشا کا مقام و مرتبہ کو بیان کریں۔
8۔ابن انشا کی سوانح اور کتابوں کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟
9۔اردو کی آخری کتاب میں طنز و مزاح کی خوبیاں بیان کریں۔
پروف ریڈر نائمہ خان
حواشی
موضوع: اردو کی آخری کتاب کا تنقیدی جائزہ،کتاب کا نام:بنیادی اردو،کورس کوڈ:9001،مرتب کردہ:اریبہ فاطمہ