کتاب کا نام: نثری اصناف تعریف و تفہیم (حصہ دوم)
موضوع: سوانح عمری کے مراحل
کورس کوڈ: 9009
صفحہ نمبر: 44
مرتب کردہ: کوثر بیگم فخر عالم مشائخ
موضوعات کی فہرست
سوانح عمری کے مراحل
سوانح نگاری کے لیے سب سے اہم مرحلہ موضوع کا انتخاب ہے۔ موضوع کا انتخاب باریک بینی، دیانت داری اور غیر جانبداری کا متقاضی ہوتا ہے۔ اس لیے شخصیت کے انتخاب میں دو طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے:
- اگر ہیرو سوانح نگار کا ہم عصر ہو، تو ایسی صورت میں سوانح نگار اپنے ذاتی ربط، ہم عصر لوگوں کے تاثرات، حالات کی ضروری تفصیلات اور موضوع کے ذہنی و سماجی پس منظر سے واقفیت کی بنیاد پر مواد حاصل کر سکتا ہے۔
- اگر ہیرو سوانح نگار کی عمر سے پہلے گزر گیا ہو، تو مواد کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ ان مشکلات سے نبردآزما ہونے کے لیے تحقیق کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ تاریخِ وقائع، روزنامچے، یادداشتیں، خطوط اور عہد کے دوسرے افراد کی سوانح عمریاں بہترین ماخذ ہیں۔ بعض جگہ قیاس اور تخیل سے بھی کام لینا پڑتا ہے۔
نظریاتی ہم آہنگی
موضوع کے انتخاب کے بعد سوانح نگار کا اہم مسئلہ ہیرو کے نظریات سے متفق ہونا ہے۔
- اگر نظریات میں ہم آہنگی ہو، تو جانبداری کا عنصر دامن گیر رہتا ہے۔
- اگر ہم آہنگی نہ ہو، تو تعصب کا عنصر سر اٹھاتا ہے۔
حل: دونوں صورتوں میں سوانح نگار کو دیانت داری سے مواد پیش کرنا چاہیے۔
مواد کی فراہمی
سوانح نگار سب سے پہلے ہیرو کی تحریروں، تقاریر، تصنیفات، خطوط اور روزنامچوں کے حصول کی کوشش کرتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقیوم کے مطابق:
"سوانح میں اپنے دور کی تاریخی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی کش مکش کا اظہار ہوتا ہے۔ ہیرو جس ماحول میں پرورش پاتا ہے، اس کے اثرات اس کی زندگی پر حاوی ہوتے ہیں۔ کسی فرد کی سیرت بغیر اس دور کی تمدنی زندگی کے نہیں سمجھی جا سکتی۔”
یہ بھی پڑھیں: خودنوشت سوانح عمری کا فن | PDF
اسلوب یا طرز نگارش
مواد کی فراہمی کے بعد اسے ادبی اسلوب میں پیش کرنا سب سے اہم مرحلہ ہے۔ سوانح نگاری کا اپنا الگ اسلوب ہوتا ہے جس میں:
- تازگی اور شگفتہ بیانی ضروری ہے۔
- نہ تاریخ کی خشکی ہو، نہ افسانوی ادب کی مکمل تخیلاتی فضا۔
وہاج الدین علوی فرماتے ہیں:
"سوانح نگار کا کام واقعہ کو من و عن پیش کرنے سے ختم نہیں ہوتا۔ اسے فن کارانہ بصیرت سے کام لینا پڑتا ہے تاکہ انسانی زندگی کی گوناگوں کیفیات کی ترجمانی ہو سکے۔”
سوانح نگاری کی اقسام
- مذہبی سوانح عمریاں
- تاریخی سوانح عمریاں
- سیاسی و سماجی سوانح عمریاں
- افسانوی سوانح عمریاں
- ادبی و فکری سوانح عمریاں
وٹسپ پر اس فائل کا پی ڈی ایف یہاں سے حاصل کریں