موضوعات کی فہرست
قرۃ العین حیدر کے یہاں حقیقت اور تخیل کی خوبصورت آمیزش ہے۔ انسانی زندگی، جغرافیائی حقیقتوں، فطری مناظر اور ان سے وابستہ انسانی زندگیوں کے سہارے ماحول کو پیش کیا گیا ہے۔ قرۃ العین حیدر اپنے افسانوں میں ایک مخصوص مزاج اور میلان طبع کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے فرد کی ذات کے دکھ درد کو سماجی معنویت عطا کی اور ساتھ ہی مغرب کے افسانوی تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اردو افسانے کی فکری اساس کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔
تقسیم ہند کا گہرا اثر
قرۃ العین حیدر نے ملک کی تقسیم سے پیدا ہوئے انسانی، سماجی اور سیاسی مسائل سے متاثر ہو کر کئی ناول اور افسانے لکھے۔ جن میں برصغیر میں سیاسی تبدیلیوں، بالخصوص جغرافیائی تقسیم سے پیدا شدہ صورتحال اور اس تقسیم کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی اثرات کو نہایت سنجیدگی سے اجاگر کیا گیا ہے۔ ان کے کئی افسانے براہ راست اسی موضوع سے متعلق ہیں۔ اصل میں ملک کی تقسیم نے ان کے ذہن کو خاصا متاثر کیا تھا۔ انہوں نے خود بھی اس بات کا ذکر کیا ہے:
"اگر کسی حادثے نے میرے لیے محرک کا کام کیا ہے، تو وہ پہلا حادثہ ۱۹۴۳ میں میرے والد کی موت کا تھا اور دوسرا تقسیم ہند۔ تقسیم ہند نے میرے لکھنے پر گہرا اثر ڈالا ہے۔” (۱۲۶)
اودھ کی جاگیرداری تہذیب اور سماجی تبدیلیاں
موضوعاتی لحاظ سے بیسویں صدی کے بدلتے ہوئے حالات خاص کر اودھ کی جاگیرداری تہذیب کا خاتمہ اور تقسیم ہند کو قرۃ العین حیدر ایک زبردست المیہ تصور کرتی ہیں، جس نے کروڑوں انسانوں کی زندگی کو متاثر کیا۔ تقسیم ہند اور اس تقسیم سے پیدا شدہ سماجی صورتحال قرۃ العین حیدر کا ایک مستقل موضوع ہے۔ ان کا مشہور افسانہ "ہاؤسنگ سوسائٹی” نو مولود اسلامی مملکت پاکستان کے ابتدائی سیاسی اور سماجی صورتحال کی گہری تصویر کشی کرتا ہے۔ قرۃ العین حیدر کو اودھ کی قدیم جاگیرداری اور زمین داری سماجی نظام سے گہرا لگاؤ رہا ہے کیونکہ اس نظام کے اقدار ان کی زندگی کا حصہ رہے ہیں۔
اس تہذیب نے ایک مشترکہ قومی کلچر کو جنم دیا۔ آزادی کے بعد اس تہذیب کے ختم ہونے کا دکھ ان کے افسانوں میں شدت سے محسوس ہوتا ہے۔ فرقہ پرستی اور مذہبی منافرت کی وجہ سے مختلف فرقوں میں پیدا ہوئے سماجی خلا کے نتیجے میں وجود میں آئے۔ ان کے افسانے "جلاوطن”، "ہاؤسنگ سوسائٹی”، "یاد کی ایک دھنک جلے”، "پت جھڑ کی آواز”، "ڈالن والا” جیسے افسانے اردو افسانے کی تاریخ کا شاہکار کہے جا سکتے ہیں۔ یہ افسانے ان کے تخلیقی فکر کو وسعت اور بلندی عطا کرتے ہیں۔ قرۃ العین حیدر کی ذہنی و فکری وابستگی ہندو پاک کے اعلیٰ طبقے کے افراد کے ساتھ رہی ہے ان کی زندگی سماج کے انہی پہلوؤں کی عکاسی کرتی ہے۔
حوالہ جات
- مقالے کا عنوان: بیسویں صدی کی اہم افسانہ نگار خواتین
- مقالہ برائے: پی ایچ ڈی (اردو)
- مقالہ نگار: آمنہ خان
- نگران مقالہ: ڈاکٹر مشیر احمد
- یونیورسٹی: Jamia Millia Islamia
- صفحہ نمبر: 241
- آپ تک پہنچانے میں معاون: آینزہ سلیم