مفت اردو ادب وٹسپ چینل

اردو ادب وٹسپ گرپ میں شامل ہو کر روزانہ، پی ڈی ایف کتب اور اہم مواد تک رسائی حاصل کریں

اصطلاحات تدوین متن

اصطلاحات تدوین متن, تحریر از احمد سیال ایم فل اردو یونیورسٹی آف پشاور 2025

ادبی تحقیق اور تدوینِ متن ایک انتہائی باریک بین علم ہے۔ مخطوطات شناسی اور متن کی درستی کے لیے محققین نے کچھ خاص اصطلاحات وضع کی ہیں جن کا سمجھنا ہر طالب علم اور محقق کے لیے ضروری ہے۔ ذیل میں ان اصطلاحات کی تفصیلی وضاحت؛ حوالہ جات اور ضروری سیاق و سباق کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے۔

بنیادی اصطلاحات (الف)

اتفاقیے (Accidentals)
کسی بھی مسودے یا نسخے میں کاتب کی جانب سے غیر ارادی طور پر ہونے والی تبدیلیاں، جیسے ہجوں (Spelling) کا فرق، رموزِ اوقاف کی کمی بیشی یا الفاظ کی تقسیم کا انداز۔ تدوین میں ان کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

اختلافِ نسخ:
تدوینِ متن کے دوران جب مختلف نسخوں کا تقابل کیا جاتا ہے تو ان میں پائے جانے والے فرق کو ”اختلافِ نسخ“ کہتے ہیں۔ محقق ان تمام اختلافات کو ایک جگہ نوٹ کرتا ہے تاکہ متن کی اصل شکل واضح ہو سکے۔

اساسی نسخہ (Base Text):
یہ وہ نسخہ ہوتا ہے جسے محقق تدوین کے دوران سب سے زیادہ معتبر اور اہم قرار دیتا ہے۔ اسی نسخے کو بنیاد بنا کر متن ترتیب دیا جاتا ہے۔ اسے بنیادی نسخہ بھی کہا جاتا ہے۔

استدراک:
لغوی اعتبار سے اس کا مطلب ”سمجھ کر حاصل کرنا“ یا "تدارک کرنا” ہے۔ اصطلاح میں یہ کتاب کے آخر میں شامل وہ حصہ ہے جس میں متن کے اندر رہ جانے والی غلطیوں کی ترمیم یا کسی اندراج کی درستی کی جاتی ہے۔

اسماء الرجال:
یہ دراصل اشاریہ (Index) کی ایک قسم ہے جس میں صرف اشخاص کے ناموں کی فہرست دی جاتی ہے۔

اشاریہ کی اقسام اور وضاحت

اشاریہ کی دو اہم صورتیں تحقیق میں مستعمل ہیں:

  1. کتاب کے آخر میں متن میں مذکور تمام اہم اشخاص، مقامات، کتابوں اور اداروں وغیرہ کے ناموں کی ہجائی ترتیب (Alphabetical Order) مع صفحہ نمبر۔
  2. کسی مصنف یا ادیب کی تخلیقات اور اس کی ذات و فن پر لکھے گئے مضامین اور کتابوں کی سلسلہ وار فہرست (Bibliography)۔

افقی تکثیر (Collateral Transmission):
اگر کسی ایک خاص نسخے یا ایڈیشن سے مزید کئی نسخے نقل ہو کر تیار ہوئے ہوں، تو ان کے پھیلاؤ کے اس عمل کو ”افقی تکثیر“ یا تنشیر کہا جائے گا۔

الحاق:
کسی تخلیق کار کے اصل متن یا مجموعے میں کسی دوسرے شخص کی تحریر یا تخلیق کا شامل ہو جانا ”الحاق“ کہلاتا ہے۔ یہ تحقیق کا ایک اہم مسئلہ ہے۔


تدوین کی اصطلاحات (آ – ب)

آمیختہ نسخہ (Conflated Manuscript):
ایسا نسخہ جس کا متن، اس سے پہلے کے دو مختلف نسخوں کو ملا کر یا سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہو، اسے "آمیختہ نسخہ” کہتے ہیں۔

انتحال (Plagiarism):
اگرچہ یہ عربی اصطلاح اردو میں کم رائج ہے لیکن اس کا استعمال ضروری ہے۔ یہ علمی چوری کے لیے بولا جاتا ہے۔

حوالہ: مقتدی احسن ازہری اپنی کتاب ”مختصر تاریخِ ادب عربی“ (بنارس، ۱۹۷۷ء، حصہ اول، ص ۹۵) پر رقمطراز ہیں:
"انتحال نام ہے کسی چیز کی غلط نسبت کا لیکن انتحال کا صحیح مفہوم کسی دوسرے کی تخلیق کو اپنی تخلیق بنا کر پیش کرنا ہے۔”

انتخابی اسکول (Eclectic School):
متن کی تدوین کا وہ طریقہ کار جس میں کسی ایک نسخے پر انحصار کرنے کی بجائے، تمام معتبر نسخوں کی مدد سے ایک مستند متن تیار کیا جائے۔

اوقاف (Punctuation):
عبارت میں جملوں، فقروں اور الفاظ کے درمیان ٹھہراؤ (توقف) اور تخصیص کو ظاہر کرنے والے نشانات۔ (مزید دیکھیں: رموزِ اوقاف)

بیاض:
یہ کسی شخص کی وہ ذاتی کاپی یا نوٹ بک ہوتی ہے جس میں وہ اپنے یا دیگر شعراء کے پسندیدہ اشعار، غزلیں یا نظمیں نقل کر لیتا ہے۔ بعض اوقات اس میں شاعر کے بارے میں تعارفی جملے بھی درج ہوتے ہیں۔


مخطوطات شناسی کی اصطلاحات (ت)

تدوین (Editing):
اس کے دو اہم مفہوم ہیں:

  1. کسی تصنیف کے دستیاب مختلف نسخوں کا تقابل کر کے ایک درست اور مستند متن تیار کرنا۔
  2. کسی مصنف کی بکھری ہوئی تخلیقات یا کسی تحریر کے منتشر اجزاء کو صحیح ترتیب کے ساتھ جمع کرنا۔ (ترتیب کا مفہوم بھی یہی ہے)۔

ترجمہ:
تذکروں کی اصطلاح میں، کسی شاعر کے حالاتِ زندگی بیان کرنے کو ترجمہ کہا جاتا ہے۔

تمریض:
کسی مسودے (کچے مسودے) کو صاف کر کے نقل کرنے کا عمل۔

ترقیمہ (Colophon):
مخطوطے یا پرانی مطبوعات کے آخر میں کاتب کی لکھی ہوئی اختتامی عبارت؛ اس میں عام طور پر کاتب کا نام، جس کے لیے کتاب لکھی گئی (فرمائش کنندہ)، کتابت کا زمانہ و مقام اور کبھی کبھار کوئی اختتامی شعر درج ہوتا ہے۔

ترک (Catchwords):
قدیم مخطوطات میں صفحہ نمبر ڈالنے کا رواج نہیں تھا اس لیے ترتیب برقرار رکھنے کے لیے دائیں ہاتھ کے صفحے کے نیچے بائیں کونے میں اگلے صفحے کی ابتداء کے ایک یا دو الفاظ لکھ دیے جاتے تھے، انہیں ”ترک“ یا رکاب کہا جاتا ہے۔

تسوید:
کسی مضمون یا کتاب کا پہلا کچا مسودہ (Draft) تیار کرنا۔

تصحیح:
اگر متن میں کوئی صریح غلطی موجود ہو تو محقق کا اسے درست کرنا ”تصحیح“ کہلاتا ہے۔

تصحيف:
الفاظ کا بدل جانا، خاص طور پر نقطوں کے ہیر پھیر سے لفظ کی شکل تبدیل ہو جانا۔

  • مثال: ”توشہ“ کو ”نوشہ“ پڑھنا یا لکھ دینا، یا ”لعنت“ کا ”لغت“ ہو جانا۔

تعلیقہ:
یہ ایک طرح کا ضمیمہ ہے جو کتاب کے متن کے خاتمے پر دیا جاتا ہے۔ عموماً اس کا اختتام ”تمت تمام شد“ جیسے الفاظ پر ہوتا ہے۔

تشیع:
غلط نگاری یا لاپروائی کی وجہ سے متن کو مسخ کر دینا۔

تکثیر / تنشیر:
ایک قلمی یا مطبوعہ نسخے (جو عموماً مصنف کا اصل نسخہ ہوتا ہے) سے جو دیگر نسخے اخذ کیے جاتے ہیں، اس پورے پھیلنے کے عمل اور سلسلے کو تنشیر کہتے ہیں۔

تنقیدِ متن (Textual Criticism):
مختلف نسخوں میں موجود کسی لفظ، فقرے، مصرع یا شعر کے مختلف متون (Versions) میں سے سب سے زیادہ موزوں اور درست متن کا انتخاب کرنا۔


دیگر اہم اصطلاحات (ٹ تا ے)

تخطی نسخہ (Holograph):
وہ نسخہ جو خاص مصنف کے اپنے ہاتھ کا لکھا ہوا ہو (یا خود ٹائپ کیا ہوا ہو)۔

راوی:
روایت کرنے والا، یہ لفظ مصنف یا مؤلف کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

رموزِ اوقاف:
وہ علامتیں جو تحریر میں ٹھہراؤ اور مطلب کی وضاحت کے لیے استعمال ہوتی ہیں (دیکھیے: اوقاف)۔

روایت:
کسی ایک تخلیق کی مختلف شکلیں، چاہے وہ تحریری ہوں یا زبانی، روایت کہلاتی ہیں۔

ایرانی اصطلاحات برائے تدوین

1. روشِ التقاطی:
”التقاط“ کے معنی چننے کے ہیں۔ یہ ایک ایرانی اصطلاح ہے۔ اس طریقۂ کار میں متن کے دستیاب نسخوں میں سے جو نسخہ سب سے بہترین معلوم ہوتا ہے، اسے اساسی نسخہ بنا لیا جاتا ہے۔

2. روشِ انتقادی:
یہ بھی ایرانی اصطلاح ہے۔ اس طریقۂ کار میں متن کے قدیم ترین نسخے کو ہی اساسی نسخہ قرار دے کر کام کیا جاتا ہے۔

حوالہ: اس موضوع پر تفصیل کے لیے دیکھیے: ڈاکٹر سید حسن کا مضمون مشمولہ ”تدوینِ متن کے مسائل“ (پٹنہ)، صفحہ ۴۳۔

فرہنگ:
عام طور پر اس کا مطلب لغت (Dictionary) ہے لیکن تدوینِ متن کے سیاق میں، متن کے آخر میں مشکل الفاظ، اصطلاحات یا عربی و فارسی کے فقرات کی فہرست دے کر ان کے معنی درج کرنا فرہنگ کہلاتا ہے۔

قرأت:
کسی تحریر، بالخصوص قدیم مخطوطے کی عبارت یا کسی لفظ کو پڑھ کر اس کا صحیح تلفظ اور ہجے (Spelling) متعین کرنا۔

  • مثال: لفظ ”بل پڑی“ کی صحیح قرآت سیاق و سباق کے لحاظ سے ”بھول پڑے“ طے کرنا۔

ضمیمہ:
کتاب کے متن کے بعد شامل کیا جانے والا اضافی حصہ۔ اس میں متن سے متعلق ایسی مفید معلومات دی جاتی ہیں جو دورانِ متن شامل نہیں کی جا سکتی تھیں مگر قارئین کے لیے اہم ہیں۔

نظرِ ثانی و تصحیح : مجاہد حسین شاہ،معلمِ اردو
کنکورڈیا کالج، مارگلہ کیمپس، ڈی۔۱۷، اسلام آباد

اس تحریر پر اپنے رائے کا اظہار کریں