حروف کی تمام اقسام

حروف کی تمام اقسام

حرف جملے کی بنیادی ضرورت ہے اور مختلف شکلوں اور معنی کے ساتھ جملے میں استعمال ہوتا ہے۔ حرف کی چند اہم اقسام اور ان کی تفصیل درج ذیل ہے

حرفِ جار

ایسا حرف جو فعل کا فاعل اور اسم کا خبر کے ساتھ تعلق پیدا کرے، حرفِ جار کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

سرمد کمرے میں ہے۔

کتاب میز پر ہے۔

اُس نے خط لکھا۔

ان جملوں میں "میں”، "پر” اور "نے” حروفِ جار ہیں۔ حرفِ جار جس اسم کے ساتھ آتا ہے، اُس اسم کو مجرور کہتے ہیں۔ حرفِ جار کو حرفِ ربط بھی کہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اردو حروف تہجی اور اس کی مختلف شکلیں

حرفِ عطف

ایسا حرف جو دو اسموں یا دو جملوں کو آپس میں ملائے، حرفِ عطف کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

وہ یہاں آیا اور پھر چلا گیا۔

میں دل و جان سے حاضر ہوں۔

"دل و جان” میں "دل” معطوف علیہ اور "جان” معطوف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حروف عطف | PDF

حرفِ علت

ایسا حرف جو کسی سبب یا وجہ کو ظاہر کرے، حرفِ علت کہلاتا ہے۔ جیسے: کیونکہ، اس لیے، لہٰذا، پس، چنانچہ۔

مثالیں:

وہ میرا دوست ہے، اس لیے مجھے اس پر اعتماد ہے۔

چونکہ وہ دیر سے پہنچا، اس لیے شریکِ سفر نہ ہو سکا۔

ہنر سیکھو، کیونکہ آج کل ہنر کی بڑی قدر ہے۔

حرفِ اضافت

ایسا حرف جو دو اسموں کے درمیان تعلق ظاہر کرے، حرفِ اضافت کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

احمد کی کتاب

زخمِ دل

آمنہ کی گڑیا

سازِ ہستی

پہلی دو مثالوں میں "کی” اور دوسری دو مثالوں میں "زیر” (ـِ) حرفِ اضافت ہیں۔

حرفِ بیان

ایسا حرف جو وضاحت اور تفصیل کو ظاہر کرے، حرفِ بیان کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

اُس نے کہا کہ میں کل آؤں گا۔

جلدی کرو تاکہ بروقت پہنچ جائیں۔

"کہ” اور "تاکہ” دونوں حروفِ بیان ہیں۔

حرفِ تشبیہ

ایسا حرف جو ایک چیز کو دوسری سے مشابہ قرار دے، حرفِ تشبیہ کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

وہ شیر کی طرح بہادر ہے۔

آنسو موتیوں کی مانند ہیں۔

ان جملوں میں "طرح” اور "مانند” حروفِ تشبیہ ہیں۔

حرفِ استفہام

ایسا حرف جو کسی چیز کے بارے میں دریافت کرنے یا سوال کرنے کے لیے استعمال ہو، حرفِ استفہام کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

دروازے پر کون ہے؟

آپ کو کس سے ملنا ہے؟

ہم کہاں جائیں گے؟

اُسے کیسے پتا چلا؟

فہد کدھر چلا گیا؟

حرفِ تحسین

ایسا حرف جو کسی کی تعریف یا تحسین کے لیے استعمال ہو، حرفِ تحسین کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

واہ! تم نے کیا کمال کر دکھایا۔

شاباش! تم بہت اچھا کھیلے۔

ما شاء اللہ! آپ کی تحریر کتنی پختہ ہے۔

سبحان اللہ! کیا ترنم ہے!

حرفِ مقدار

ایسا حرف جو کسی چیز کی مقدار یا کمیت ظاہر کرے، حرفِ مقدار کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

جتنا کام کرو گے، اتنا اجر ملے گا۔

جس قدر تیز بھاگو گے، اس قدر جلد منزل تک پہنچو گے۔

تھوڑا سا کھانا میرے لیے کافی ہے۔

10۔ حرفِ تاکید

ایسا حرف جو جملے میں زور اور تاکید پیدا کرے، حرفِ تاکید کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر:

ضرور وہ کامیاب ہوگا۔

ہرگز میرے قریب نہ آنا۔

میں اس دعوت میں بالکل نہیں جاؤں گا

۔Name: Misbah Rao

حواشی

موضوع : حرف کے اقسام
کتاب کا نام : اردو زبان، قواعد و املا
کورس کوڈ : 9010
صفحہ نمبر : 45 تا 49
مرتب کردہ : کوثر بیگم، فخر عالم مشائخ

اس تحریر پر اپنے رائے کا اظہار کریں