ہائیکو بطور غیر ملکی صنف سخن | Haiku bator ghair mulki sanf-e-sukhan
کتاب کا نام: شعری اصناف
عنوان 1- نئی اصناف سخن
مرتب کردہ ۔فاخرہ جبین
اُردو ہا ئیکو : – آغاز وارتقاء
ہائیکو بطور غیر ملکی صنف سخن
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہائیکو جاپانی شاعری کی مقبول صنف سخن ہے ۔ رہبانیت کا فنکارانہ اظہار جاپانی شاعری کے مزاج کا حصہ ہے۔ لیکن رہبانیت کا سب سے زیادہ اظہار جاپان کی مقبول صنف سخن ہائیکو (HAIKU) میں ہوا ہے ۔
جاپانی معاشرے میں گیان دھیان اور ریاضت کو بڑا دخل ہے ۔ یہ ریاضت ، تہذیب جذبات کو مربوط رکھتی ہے۔ یہی زین بدھ ازم ہے۔ بقول ڈاکٹر وزیر آغازین مختلف ثقافتوں اور فلسفوں کا متزاج پیش کرتا ہے۔ اس میں برصغیر ہند و پاک کا علم باطن بھی ہے۔فطرت پرستی اور کنفیوشزم کی افادیت پسندی بھی ۔ (۱)
کہا جاتا ہے کہ بدھ مت نے دیگر ممالک کی طرف پیش قدمی کی یہ مذہب جاپان ، پہنچنے سے پہلے ہی چینی فلسفے سے اثرات قبول کر چکا تھا۔ چنانچہ جاپان میں بدھ مت کے جس مسلک کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی وہ زین بدھ ازم کے نام سے معروف ہوا۔ زین بدھ ازم عارفانہ سرمستی ، بے خودی، لمحے سے مسرت کشید کرنے اور مظاہر حیات سے سرور جاودانی حاصل کرنے اور فطرت کی داخلی کیفیات کو اظہار کی گہرائی سے پیش کرنے کا درس دیتا ہے۔
اس مذہب سے جاپان کے قدیم وجدید معاشروں نے اپنی فکر کی تربیت کی ہے۔ زین بدھ ازم کے اثرات زیادہ تر داخلی ہیں اور اسکے اثرات فنون لطیفہ میں زیادہ تر اثرات ہائیکو میں ظہور پذیر ہوئے (۲)
جاپانی ہائیکو پر شنتو ازم (Shintoism) کے بھی گہرے اثرات ہیں ۔ شنتو ازم فطرت کا مذہب ہے۔ اس کا پیرو کار مظاہر فطرت سے عبادت کی حد تک والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں ۔ شنو ازم کا عبادت خانہ ایک خوبصورت کشادہ عمارت پر پینی ہوتا ہے۔
جس میں طرح طرح کے رنگ برنگ پھول کھلے ہوتے ہیں ۔ پتیوں کی تراش خراش اور پھولوں کی ترتیب میں خاص نازک فنی باریکیوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔ جاپان کا مشہور عالم فن "آرائش گل” شنتو ازم کے پیروکاروں کے اعلیٰ ذوق جمال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چنانچہ ایک اچھی ہائیکو شنتو عبادت خانے میں سلیقے سے سجے ہوئے پھولوں کی مانند ہوتی ہے۔ (۳)
ہائیکو کا داخلی مزاج
ہائیکو کی بنت میں فطرت کے مختلف روپ اور مظاہر مثلا موسم ، فضا، دریا، چمن ، گل پھول، درخت اور پودے وغیرہ کی شمولیت نہ صرف ضروری ہے بلکہ فطرت میں ڈوب جانا ، پھولوں ، رنگوں اور موسموں سے قربت کا ایک خاص رجحان جاپانی ہائیکو کے مزاج کا حصہ ہے۔ بلکہ بعض جاپانی ہائیکو میں تو صرف خوبصورت مناظر کی عکس بندی ملتی ہے۔
ہائیکو شاعر کسی قدرتی منظر کی تصویر اس انداز سے سامنے لاتا ہے کہ اس میں نئے معانی جھلک اٹھتے ہیں اور بسا اوقات مختلف مناظر کا آپس میں ربط پیدا کر کے کسی تاثر کو تصویری شکل مہیا کی جاتی ہے۔ دراصل ہائیکو انتہائی کومل اور لطیف صنف سخن ہے، جو زبان ، موضوع اور لہجے کی گھمبیر تا کو برداشت نہیں کر سکتی۔ یہ روشنیوں ، رنگوں اور خوشبوؤں کی ایک چھوٹی سی دنیا ہوتی ہے، لیکن جس میں احساسات کی ایک وسیع دنیا سانس لے رہی ہوتی ہے۔
ہائیکو کی خصوصیات
فنی طور پر نا تمامیت اور ایمائیت اس کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ ایک اچھی ہائیکو موضوعاتی سطح پر مکمل ہوتے ہوئے بھی نا تمامیت کا احساس دلاتی ہے۔ ہائیکو شاعر اپنی تخلیقی واردات کا بیان انتہائی ہنرمندی سے ایک ایسے مقام پر لا کر ادھورا چھوڑ دیتا ہے کہ قاری کا تخیل خود آگے بڑھ کر موضوعاتی دائرہ مکمل کر لیتا ہے ۔
وٹسپ پر اس فائل کا پی ڈی ایف یہاں سے حاصل کریں