مفت اردو ادب وٹسپ چینل

اردو ادب وٹسپ گرپ میں شامل ہو کر روزانہ، پی ڈی ایف کتب اور اہم مواد تک رسائی حاصل کریں

بیسویں صدی میں اردو غزل

بیسویں صدی میں اردو غزل: 10 اہم رجحانات، فکری تبدیلیاں اور شعری ارتقا تحریر از احمد سیال ایم فل اردو یونیورسٹی آف پشاور 2025

موضوعات کی فہرست

بیسویں صدی میں اردو غزل: پس منظر اور فکری دباؤ

بیسویں صدی میں اردو غزل کی تاریخ دراصل تغیر، مزاحمت، احیا اور نئے شعری امکانات کی تاریخ ہے۔ 1857ء کے غدر / جنگِ آزادی کے بعد مسلم معاشرہ پہلی بار خود احتسابی کی اس کیفیت سے گزرا جس نے نہ صرف فکری سطح پر ہل چل پیدا کی بلکہ ادبی ترجیحات کو بھی بدل دیا۔ بہت سے مسلمان شعرا اور اہلِ ادب نے از سرِ نو منظم ہونے کے لیے سرسید احمد خاں کی عقلیت پسندی اور حقیقت نگاری کی تحریک سے وابستگی اختیار کی۔ اس تحریک نے یہ سمجھا یاکہ قوم کی ذہن سازی، نظمِ اجتماعی اور علمی بیداری کے لیے شاعری کے مقابلے میں نثر زیادہ مؤثر وسیلہ ہے۔

اسی لیے تہذیب الاخلاق نے اس تحریک کی تبلیغ، تشریح اور توسیع میں مرکزی کردار ادا کیا۔ نتیجتاً شاعری، خصوصاً غزل، ایک عرصے تک تنقید کا ہدف بنی رہی۔ اہلِ تحریک کے نزدیک ہمارے تخلیق کاروں نے عشقیہ مضامین میں اپنی توانائیاں صرف کرکے علم و ادب کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا تھا۔ اس فضا میں ادب برائے زندگی کا تصور فروغ پایا، جس نے عقل و خرد(دانائی )کو وجدان اور جذبے پر فوقیت دی۔ حالانکہ اس سے پہلے ادبی دنیا میں زیادہ تر اصنافِ شاعری ہی کو ادب کا اصل نمائندہ سمجھا جاتا تھا۔


بیسویں صدی میں اردو غزل اور علی گڑھ تحریک کا اثر

مولانا الطاف حسین حالی، جو اس تحریک کے اہم ترین تخلیق کاروں میں شمار ہوتے ہیں، نے غزلیہ مضامین کے بجائے انسان کے جدید مسائل کو نہ صرف عملی طور پر غزل میں جگہ دی بلکہ اصلاحِ غزل کا بیڑا بھی اٹھایا۔ سرکاری سرپرستی میں ہونے والے انجمنِ پنجاب کے مشاعروں نے نظم کو صفِ اول کی صنفِ سخن کے طور پر نمایاں کیا۔ اس کے نتیجے میں حالی کی غزل مخالف اصلاحی کوششوں نے غزل کو ایک مدت کے لیے متروک صنف کے قریب پہنچا دیا۔

اس صورتِ حال نے بیسویں صدی میں اردو غزل کو دہرے دباؤ میں مبتلا کیا۔ اگر غزل اپنی روایت پر قائم رہتی تو اسے مزاحمت کا سامنا تھا، اور اگر وہ جدید موضوعات اختیار کرتی تو اس کا منفرد آہنگ اور صوتی شناخت خطرے میں پڑ جاتی۔ علی گڑھ تحریک اور انجمنِ پنجاب کی جانب سے نظم کو غزل پر ترجیح دینا انیسویں صدی کے اواخر میں غزل کے زوال کا سبب بنا، مگر ہندوستان کی تہذیب و ثقافت میں رچی ہوئی یہ صنف طویل عرصے تک نظر انداز نہیں کی جا سکتی تھی۔

اسی لیے اس سازگار ماحول کے باوجود کچھ غزل گو شعرا اپنی صنف کی بقا کے لیے مسلسل کوشاں رہے، اور بالآخر غزل ایک نئے وقار کے ساتھ بیسویں صدی میں داخل ہوئی۔ دبستانِ لکھنو کے شعرا نے ملٹن اور حالی کی شعری تعریفوں کے اثر میں غزل کے مروجہ تغزل میں اصلیت، سادگی اور داخلیت کے رنگ شامل کیے، جبکہ دبستانِ دہلی کے شعرا نے قدیم روایات کو نئے موضوعات اور نئے اسالیب سے ہم آہنگ کیا۔ یوں غزل کا اعتبار اور وقار دوبارہ بحال ہوا۔

اس احیا میں نمایاں نام یہ ہیں:

اکبر الہ آبادی

شاد عظیم آبادی

صفی لکھنوی

بیخود دہلوی

ثاقب لکھنوی

سائل دہلوی

حسرت موہانی

فانی بدایونی

نوح ناروی

عزیز لکھنوی

آرزو لکھنوی

اصغر گونڈوی

یاس یگانہ چنگیزی

جگر مراد آبادی

یہ شعرا کلاسیکی روایت کے تربیت یافتہ تھے۔ وہ غزل کی شعریات، فنی وسائل اور تہذیبی رمزیت کو پوری مہارت سے برتتے تھے۔ اسی ہنرمندی نے غزل کو دوبارہ مجلسی زندگی عطا کی۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: رومانوی ردِعمل اور تخیل کی واپسی

بیسویں صدی کے آغاز میں علی گڑھ تحریک کے خلاف رومانوی نوعیت کا ردِعمل بھی پیدا ہوا۔ تحریک نے جذبے اور تخیل پر جو بند باندھنے کی کوشش کی تھی، تخلیق کاروں نے اسے مثبت انداز میں کھول دیا۔ اس سے نہ صرف تخیل اور وجدان کو فروغ ملا بلکہ اجتماعیت کے بوجھ تلے دبے ہوئے فرد نے بھی کچھ راحت محسوس کی۔

یوں بیسویں صدی کے ربعِ اول میں بیسویں صدی میں اردو غزل اور اردو ادب دونوں کے لیے حالات نسبتاً سازگار ہونے لگے۔ غزل کے مخالفین کا سب سے بڑا اعتراض یہ تھا کہ یہ فلسفیانہ اور نئے موضوعات کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ اقبال نے اس اعتراض کو اپنی شاعری سے رد کر دیا۔ انہوں نے فلسفیانہ اور جدید موضوعات کو نظم اور غزل دونوں میں کمال کی مہارت سے پیش کی۔

اقبال کے اکثر معاصرین — مثلاً:

چکبست لکھنوی

تلوک چند محروم

جوش ملیح آبادی

حفیظ جالندھری

اختر شیرانی

احسان دانش

نے بھی اقبال کے اثر سے غزل کے موضوعات کو وسعت دی۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: ربعِ دوم، (دوسرا چھوتا حصہ )ترقی پسند تحریک اور فنی کشمکش

بیسویں صدی کے ربعِ دوم میں اگرچہ نظم کو غزل پر فوقیت دی گئی، لیکن اس دور کے اکثر شعرا وہ تھے جن کی تربیت کلاسیکی غزل کے ماحول میں ہوئی تھی۔ غزل کا ذوق ایسا ہے کہ جو ایک بار دل میں اتر جائے، آسانی سے جدا نہیں ہوتا۔ اسی لیے ترقی پسند تحریک سے وابستہ اکثر شعرا غزل کو عیش پرستانہ شاعری، تفریحی صنف اور زوال پذیر جاگیردارانہ سماج کی علامت سمجھتے تھے۔ جو ترقی پسند شعرا غزل کہتے بھی تھے، انہیں بعض ناقدین صفِ منافقان میں شمار کرتے تھے، لیکن اس کے باوجود وہ غزل کہنے سے باز نہ آتے۔

ترقی پسند شعرا نے ذاتی اور انفرادی جذبات کے بجائے اجتماعی مسائل کو اپنی مخصوص زبان میں بیان کرنا شروع کیا۔ انہوں نے مقصد کو فن پر ترجیح دی، جس کے سبب غزل کو وہ مثالی فضا نہ مل سکی جو اچھی غزل کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہے۔ تاہم انہوں نے عمدہ غزلیں کہہ کر اس روایت کو زندہ بھی رکھا۔

ترقی پسند غزل گو شاعر رمز و کنایہ اور ابہام کے بجائے وضاحت کو اہم سمجھتے تھے تاکہ شعر سنتے ہی مفہوم سمجھ میں آ جائے۔ اسی لیے ان کے یہاں خطابیہ اور بیانیہ انداز زیادہ نمایاں ہے۔ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ ترقی پسند شعرا نے اردو غزل کو بعض روایتی خوبیاں کم ضرور کیں، لیکن غزل کو سماجی شعور اور حوصلہ بھی دیا، جو اپنی جگہ نہایت قابلِ قدر ہے۔

ترقی پسند تحریک کے نمایاں غزل گو شعرا میں یہ نام خاص طور پر اہم ہیں:

فیض احمد فیض

فراق گورکھپوری

مخدوم محی الدین

احمد ندیم قاسمی

اسرار الحق مجاز

علی سردار جعفری

کیفی اعظمی

عبدالحمید عدم

مجروح سلطانپوری

ان شعرا نے نہ صرف نئے استعارے تخلیق کیے بلکہ پرانے استعاروں کو بھی نئی معنوی جہتیں عطا کیں۔ اس سے اردو غزل میں رجائی لہجہ فروغ پذیر ہوا۔


بیسویں صدی میں اردو غزل اور حلقہ اربابِ ذوق

ترقی پسند تحریک کے مقابلے میں حلقہ اربابِ ذوق نے ادب برائے ادب کے نظریے کو فروغ دینے کی بات کی، جب کہ ترقی پسندوں کا نصب العین ادب برائے زندگی تھا۔ ترقی پسند تحریک زندگی کے نئے مسائل کو غزل میں بھی لاتی تھی، لیکن حلقہ کے وابستگان بظاہر زندگی کے مسائل کے بجائے ادب کے مسائل، شعری وسائل، فنی ترکیبوں اور لفظی تجربوں پر زور دیتے تھے۔

اسی وجہ سے حلقہ میں نظم گوئی کا رجحان زیادہ رہا۔ تاہم غزل کو مکمل طور پر رد نہیں کیا گیا، البتہ اس کی حیثیت ثانوی ہو گئی۔ حلقہ کے بعض ناقدین غزل کو اپنی ہیئتی مجبوریوں کے باعث غیر لچک دار صنف سمجھتے تھے، مگر وہ یہ بھی تسلیم کرتے تھے کہ غزل نظم کے مقابلے میں زیادہ اثر رکھتی ہے۔ اس کے باوجود حلقہ کے تنقیدی اجلاسوں میں غزل کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بھی جاری رہا۔

بعض شعرا نے غزل کہنا ترک کر دیا، جس کے باعث اہلِ حلقہ پر یہ اعتراض بھی ہوا کہ وہ اچھی غزل کہنے سے معذور ہیں۔ اس کے باوجود چند شعرا نے اپنی اعلیٰ غزل گوئی سے حلقہ کی بھرپور نمائندگی کی۔ ان میں یہ نام خاص طور پر اہم ہیں:

میراجی

ناصر کاظمی

منیر نیازی

شہزاد احمد

قیوم نظر

یوسف ظفر

مختار صدیقی

یہ شعرا اپنے عہد کے نمائندہ غزل گو قرار پائے۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: تقسیم، جنگ اور اجتماعی المیہ

تقسیمِ ہند اور دوسری جنگِ عظیم نے شاعری پر گہرے اثرات چھوڑے۔ ایک طرف سامراجی استحصال کے خاتمے سے رومانیت، انقلاب، بغاوت اور اشتراکیت کی آوازیں کمزور ہوئیں، تو دوسری طرف فسادات، ہجرت اور خونریزی نے ایک شدید سماجی اور معاشرتی المیہ پیدا کیا۔ جنگ نے انسانی زندگی کو معاشی اعتبار سے بھی تباہ کیا۔

بیسویں صدی کے ربعِ دوم کے اختتام اور ربعِ سوم کے آغاز پر برصغیر کے لوگ خاص طور پر معاشرتی اور معاشی مصائب کا شکار ہو گئے۔ اردو افسانے، ناول اور خصوصاً بیسویں صدی میں اردو غزل نے اس انسانی دکھ، بے چینی اور کرب کو بڑی شدت سے بیان کیا۔ یہی وہ دور تھا جب غزل کے مخالفین بھی اس کے کردار کی تعریف کرنے لگے۔ یوں غزل نے سماجی اور معاشرتی ذمہ داری کے باب میں دیگر اصناف، خصوصاً نظم، کو پیچھے چھوڑ دیا۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: ربعِ سوم اور جدید حسیت

ربعِ سوم میں غزل نے شعرا کو اپنی طرف دوبارہ متوجہ کیا۔ اس دور کی غزل نے انسان کے احساسِ تنہائی، خوف، ڈر، وحشت، اکیلے پن، بے روزگاری، گھٹن، افلاس اور فاقہ کشی کو نئی علامتوں اور جدید استعاروں کے ذریعے پیش کیا۔ مشینی زندگی نے انسانی اقدار کو بھی بدل ڈالا۔

ڈر، خوف اور تنہائی کی اس فضا نے انسان کو اپنی ذات تک محدود کر دیا۔ 1958ء میں پاکستان میں مارشل لا نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی۔ صنعتی اور مشینی زندگی نے انسان کو مزید تنہا اور بے بس بنا دیا۔ اس دور میں ہر شخص گھٹن اور کربِ تنہائی میں گرفتار دکھائی دیتا ہے، جبکہ شاعر چونکہ حساس طبقے سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے وہ اس اضطراب کو اور زیادہ شدت سے محسوس کرتا ہے۔

نئی ایجادات نے زندگی کے معیار اور قدروں کو بدل دیا۔ اس صورتِ حال نے جدیدیت کو جنم دیا۔ جدید طرزِ فکر نے معاشرے میں بھی اور ادب میں بھی داخل ہو کر ریاکاری کے خلاف آواز اٹھائی اور عصرِ حاضر کے نئے مسائل، رجحانات اور انسانی تجربات کو ادب کا موضوع بنایا۔ دیگر اصناف کی طرح جدیدیت نے غزل کے موضوعات میں بھی اضافہ کیا۔ جدید غزل گو شعرا نے غزل کی ایمائیت اور رمزیت کو اختیار کیا، اور اس صنف کو زندگی آمیز اور بصیرت افروز بنا دیا۔


بیسویں صدی میں اردو غزل اور نوترقی پسندی

جدیدیت اور ترقی پسندی کے بامعنی عناصر نے مل کر نوترقی پسندی کو جنم دیا۔ جب ترقی پسند تحریک اپنے تنظیمی مسائل کے باعث بکھرنے لگی تو بہت سے ترقی پسند شعرا نے حلقہ اربابِ ذوق میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس صورتِ حال سے حلقہ اربابِ ذوق کی دو اصطلاحیں سامنے آئیں: ایک ادبی اور ایک سیاسی۔ اسی ماحول میں نوترقی پسندی کی اصطلاح بھی رائج ہوئی۔

جدیدیت اور نوترقی پسندی کے نمائندہ شعرا میں یہ نام شامل ہیں:

عزیز حامد مدنی

ادا جعفری

منیر نیازی

جون ایلیا

احمد فراز

شکیب جلالی

انور شعور

افتخار عارف

شمس الرحمن فاروقی

خورشید رضوی

پروین شاکر

ان شعرا نے بیسویں صدی میں غزل کو نئی فکری گہرائی، نئی لفظیات اور نئی معنوی تہہ داری عطا کی۔


بیسویں صدی میں اردو غزل اور لسانی تشکیلات

اردو ایک مرکب زبان ہے، اور دوسری زبانوں کے الفاظ اگر تخلیقی و اختراعی نظام کے تحت اس میں داخل ہوں تو وہ اردو کے مزاج سے ہم آہنگ ہو کر اس کا حصہ بن جاتے ہیں۔ لیکن بیسویں صدی کے ربعِ چہارم میں لسانی تشکیلات کے نام پر اردو غزل کے حسن کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔

شروع میں اردو نظم، اور بعد میں اردو غزل بھی، لسانی تشکیل کی مشقِ ستم کا شکار بنی۔ کچھ شعرا جو غزل میں اپنے جذبات، جدید موضوعات اور نئے مسائل بیان کرنے میں مشکل محسوس کرتے تھے، یا یہ سمجھتے تھے کہ اردو غزل کا ترجمہ غیر ملکی زبانوں میں ممکن نہیں، انہوں نے غزل کی زبان میں توڑ پھوڑ شروع کی۔ افتخار جالب اور ظفر اقبال نے لسانی تشکیلات کے نام پر اردو غزل کی زبان تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے پنجابی، بنگلہ اور انگریزی کے بے شمار الفاظ کو بغیر کسی قاعدے کے غزلیہ لباس پہنانے کی سعی کی۔ ان کی پیروی میں کئی شعرا نے بغیر تخلیقی تجربے کے غزل میں نئے لفظوں کی آمیزش کو محض تازگی سمجھ لیا۔

یہ بات درست ہے کہ کسی ضابطے کے تحت دوسری زبان کے لفظ کی توریق یا ترویج ایک مستحسن عمل ہو سکتی ہے، لیکن غزل جیسی نازک اور لطیف صنف ثقیل، سپاٹ اور نامانوس الفاظ کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بیسویں صدی کے آغاز میں بھی غزل کے متروک ہونے کے مباحث عام تھے، اور اکیسویں صدی کے آغاز میں بھی یہ کہا جانے لگا کہ غزل اپنے دن پورے کر چکی ہے اور غزل گوئی کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔ مگر غزل نے ان اعتراضات کا بار بار سلیقے سے جواب دیا۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: ترجمہ، تربیت اور فنی دسترس

غزل کے خلاف ایک بڑا اعتراض یہ بھی کیا جاتا رہا کہ اسے غیر ملکی زبانوں میں ترجمہ نہیں کیا جا سکتا۔ مگر درحقیقت یہی اس کی فنی قوت اور تہذیبی رمزیت کا ثبوت ہے۔ غزل کہنے کے لیے باقاعدہ شعری تربیت درکار ہوتی ہے، اور اکثر شعرا تخلیقی توانائی، عروضی مہارت اور فنی وسائل کے درست استعمال میں کمزوری کی وجہ سے اچھی غزل کہنے سے معذور ہو کر نظم، خصوصاً نثری نظم، کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔

ایسے نام نہاد شعرا غزل کے خلاف بولنے کو اپنی اور اپنی صنفِ سخن کی بقا سمجھتے ہیں، حالانکہ فنی وسیلہ فکر کے ساتھ مل کر تخلیقی عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچاتا ہے۔ ہر تخلیق کار اپنے مزاج کے مطابق فنی وسائل کی ایک دنیا آباد کرتا ہے، اور پھر انہی فنی وسائل کے لباس میں اپنے فکری اجزاء پیش کرتا ہے۔ اگر فنی وسائل تخلیقی تجربے میں ڈھل جائیں تو وہ تخلیقی قوت کو بڑھاتے ہیں، اور اگر محض ذہنی کھیل بن کر رہ جائیں تو اپنی بے برکتی کا ثبوت دیتے ہیں۔

بیسویں صدی کے وہ شعرا جنہوں نے فنی وسائل کو تخلیقی تجربے میں ڈھال کر غزل کہی، انہوں نے ایسی تخلیقی دنیا قائم کی جس میں آج ہم سانس لے رہے ہیں۔


بسویں صدی میں اردو غزل: اقبال، فراق اور فنی انفرادیت

بیسویں صدی کے ابتدائی اور درمیانی ادوار میں بعض ایسے شعرا سامنے آئے جنہوں نے مخالف فضا کے باوجود اردو غزل کا چراغ روشن رکھا۔ ان میں سب سے پہلے علامہ اقبال کا ذکر آتا ہے۔ اقبال کو اکثر ترقی پسند شعرا کے مقابل ایک مختلف فکری قطب کے طور پر دیکھا جاتا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے نظم اور غزل دونوں میں فلسفیانہ اور حکیمانہ مضامین کو بڑی مہارت سے پیش کیا۔

اپنے پہلے مجموعۂ کلام بانگِ درا میں اقبال نے زیادہ تر روایت کی پاسداری کی، جبکہ بالِ جبریل میں ان کے اسلوب میں انقلابی تبدیلی نمایاں ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے نہ صرف جدید اردو غزل کے موضوعات کو وسعت دی بلکہ غزلیہ اسلوب پر بھی اپنے دستخط ثبت کیے۔ انہوں نے تغزل کے فنی وسیلے سے اردو غزل کو ایک نیا لب و لہجہ عطا کیا۔

فراق گورکھپوری اور بیسویں صدی میں اردو غزل

فراق گورکھپوری نے بھی مروجہ شعری منظرنامے پر قناعت کرنے کے بجائے نیا منظرنامہ، نئی لفظیات، نیا اسلوبِ فکر اور نیا لب و لہجہ اختیار کیا۔ اپنی تہذیبی جڑت کے باعث ان کی غزل میں ہند اسلامی تہذیب کا نمایاں عکس ملتا ہے۔ وہ فارسی اور اردو شعریات کے ساتھ ساتھ ہندی اور سنسکرت شعریات سے بھی فیضیاب ہوئے، جس کے نتیجے میں ان کے ہاں طربیہ اور نشاطیہ آہنگ پیدا ہوا۔

فراق کی غزل اپنے عہد کی غزل سے اس لیے بھی ممتاز ہے کہ انہوں نے علمِ بیان کے وسائل کو نہایت قرینے سے برتا۔ ان کی تشبیہات تخلیقی اور اختراعی ہیں؛ وہ تشبیہ کو تمثیل اور تمثیل کو علامت کے درجے تک پہنچا دیتے ہیں۔

ان کے استعارات اور تشبیہات زندگی کے تجربات اور سماجی مشاہدات سے جڑے ہوتے ہیں، اس لیے ان میں حرکت و عمل کی ترغیب ملتی ہے۔ انہوں نے اقبال کے تتبع میں اردو غزل کی زبان کو ثروت مند بنانے کی کوشش کی اور ہندی و سنسکرت کے کئی الفاظ تخلیقی طور پر غزل میں برتے۔

مشرق و مغرب کی شعریات کے گہرے مطالعے نے فراق کو ایک ایسا رنگِ سخن عطا کیا جو ان کے ساتھ مخصوص ہو گیا۔ ان کی آواز اپنی انفرادیت اور جداگانہ پہچان رکھتی ہے۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: فیض احمد فیض کی فکری و شعری معنویت

فیض احمد فیض نہ صرف ترقی پسند تحریک کے مقبول ترین شاعر ہیں بلکہ بیسویں صدی کے بھی اہم ترین شعرا میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ غزل کو محض تفریحی صنف نہیں سمجھتے تھے۔ ان کے یہاں ترقی پسند اور مارکسی نظریات غزل میں بھی کامیابی کے ساتھ اظہار پاتے ہیں۔ ان کے کلام میں غزلیات کی کثرت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ فلسفۂ حیات کو نظم کے ساتھ ساتھ غزل میں بھی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

فیض کی غزل نعرہ بازی نہیں بلکہ باقاعدہ شاعری ہے۔ شاید وہ واحد ترقی پسند غزل گو شاعر ہیں جن کے یہاں ترقی پسند نظریات کا عرفان اور ادراک پوری وضاحت کے ساتھ نظر آتا ہے۔ وہ کوئے یار سے سوئے دار کا سفر اعتماد کے ساتھ طے کرتے ہیں۔ ان کی شاعری غمِ جاناں سے غمِ دوراں کی طرف بڑھتی ہے، لیکن عشق سے انقلاب کی طرف مڑتے ہوئے وہ کسی تذبذب کا شکار نہیں ہوتے، کیونکہ انہوں نے شعوری طور پر ترقی پسند نظریات کو اپنایا تھا۔

فیض نے اپنی کلاسیکی تربیت، ریاضت، شعری شعور اور مخصوص علامتی نظام کے ذریعے ترقی پسند افکار کو تغزل کے پیرائے میں ڈھالا۔

ان کے مخصوص الفاظ اور علائم نے ان کے لیے ایک ایسا نظامِ شعر قائم کیا جس میں سیاسی و سماجی افکار بھی اجتماعی جذبے کے ساتھ ظاہر ہوتے ہیں۔ وہ پیچیدہ سیاسی اور سماجی مسائل کو بھی استعارات و تشبیہات کے دھیمے اور خوب صورت آہنگ میں پیش کرنے پر قادر ہیں۔

فیض کے یہاں کلاسیکی علامات نئی معنویت پیدا کرتی ہیں۔ وہ رسومیاتی الفاظ پر جدید فکر کی عمارت تعمیر کرتے ہیں، اس طرح ان کے قدم کلاسیکی زمین میں مضبوطی سے جمے رہتے ہیں۔ ان کی غزل ذہن و دل کو آسودگی بخشتی ہے، اور اس میں پیش کیے گئے افکار انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی شعور کے حامل ہوتے ہیں۔ ان کی شاعری کی بنیاد ان کی قوتِ متخیلہ ہے، جو انہیں اول درجے کے شاعر کے منصب پر فائز کرتی ہے۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: ناصر کاظمی کی تہذیبی آواز

ناصر کاظمی کے بارے میں ایک رائے بار بار دہرائی جاتی رہی کہ وہ محدود موضوعات اور محدود شعری تجربات کے شاعر ہیں، لیکن یہ صرف ایک سطحی تنقیدی تاثر ہے۔ گہرائی میں دیکھا جائے تو ناصر کلاسیکی روایت اور مشرقی شعریات کے امین تھے۔ وہ عصری تغیرات کے مخالف ضرور تھے، لیکن اپنی فطرت میں جدید غزل کے ان شعرا میں شامل تھے جن کے دم قدم سے جدید اردو غزل کی صورت گری ہوئی۔

انہوں نے اپنے شعری وسائل کو بروئے کار لا کر غزل گوئی کو نیا آہنگ اور نیا اسلوب دیا۔ موضوع اور اسلوب دونوں اعتبار سے وہ روایتی مزاج کے شاعر ہیں، مگر ہجرت کے تجربے نے ان کے عشقیہ موضوعات میں شدت پیدا کر دی۔ رات کی خاموشی، دن کا شور، گھر کی دیواروں پر پھیلی اداسی، ماضی کی یادیں اور تہذیب کی خوشبو— یہ سب ان کی غزل کا حصہ بن کر ایک خاص فضا پیدا کرتے ہیں۔

ناصر نے تشبیہات کو خاص قرینے اور دل آویز انداز میں استعمال کیا۔ ان کی تشبیہات خیال و فکر کی جزئیات کو نہایت سلیقے سے سامنے لاتی ہیں، یہاں تک کہ وہ محاکات کے درجے تک پہنچ جاتی ہیں۔ انہوں نے بہت سے الفاظ کو علامتی پیرائے میں استعمال کیا اور انہیں نئی زندگی اور نیا مفہوم عطا کیا۔ ان کی شاعری دراصل ہجرت، یاد اور رات کی مثلث ہے، مگر یہ مثلث جامد نہیں رہتی بلکہ علامتوں کے دائروی بہاؤ میں مسلسل حرکت کرتی رہتی ہے۔

ناصر کی غزل اور اس کی لفظیات میں عصری حسیت اس طرح سرایت کیے ہوئے ہے جیسے خون رگوں میں گردش کرتا ہے۔ ان کا ہر لفظ تہذیبی زندگی کا نوحہ اور مہاجرت کا مرثیہ معلوم ہوتا ہے۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: منیر نیازی اور تصویری حسیت

منیر نیازی اپنے منفرد اسلوب، اختصار پسندی اور سحرکاری کی وجہ سے بیسویں صدی کے نصفِ آخر کے اہم ترین شعرا میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ اپنے عہد کے رجحانات اور نظریات کی منظوم تشریح کرنے کے بجائے ان کی تصویریں بناتے ہیں۔ ان کے یہاں معاشرتی بے حسی اور بے یقینی جس طرح مصور ہوتی ہے، وہ ان کی فنکاری کو نمایاں کرتی ہے۔

ان کی غزل کلاسیکی طرزِ احساس، جدید مزاج، اور اسلوبی و موضوعی تنوع کی وجہ سے ان کی نظم سے الگ شناخت رکھتی ہے۔ کلاسیکی رچاؤ، رومانوی و داستانوی فضا اور عصری حسیت کے امتزاج سے ان کی غزل وجود میں آتی ہے۔ منیر کے یہاں نادر تشبیہات، نئے استعارے، بصری و سمعی تمثال گری، اور نئی لفظیات و تراکیب کے استعمال نے ان کی غزل کو متانت، وقار، تغزل اور ایمائیت دونوں عطا کیے ہیں۔

ان کا اسلوب، آہنگ، تازگی، اور معاشرتی آگاہی انہیں اہم غزل گو شعرا کی صف میں شامل کرتے ہیں۔ البتہ ان کے کلیات میں بعض اشعار ایسے بھی ملتے ہیں جو فنی استحکام کی کمی کے باعث قاری کو پوری طرح اپنی طرف متوجہ نہیں کر پاتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ منیر نیازی بعض اوقات فنی لوازمات سے بے نیازی برتتے ہیں۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: ظفر اقبال اور لسانی تجربہ

ظفر اقبال جدید غزل کی لسانی تشکیل اس لیے چاہتے ہیں کہ اردو غزل ایک ایسی صنف ہے جس کا ترجمہ کسی غیر ملکی زبان میں کرنا مشکل بلکہ ناممکن سمجھا جاتا ہے۔ ان کے خیال میں جدید اردو غزل کی تعمیرِ نو کے لیے ایسی تبدیلیاں درکار ہیں جو اس مسئلے کا حل پیش کر سکیں۔

لیکن غزل کی خوب صورتی اسی میں ہے کہ اس کا اپنا علائم و رموز، اشارہ و کنایہ، اور استعاراتی و اصطلاحاتی نظام ہے۔ غزل کے لطف سے بھرپور انداز میں ہم آہنگ ہونے کے لیے اردو شعری روایت، تصوف کی تاریخ، اور کربلا کے استعاراتی و علامتی نظام سے آگاہی ضروری ہے۔

اردو غزل، جسے ہم اردو شاعری کی آبرو کہہ سکتے ہیں، محض اس لیے بگاڑنا مناسب نہیں کہ اسے آسانی سے دوسری زبانوں میں منتقل کیا جا سکے۔

زبان میں توسیع یقیناً اہم ہے، مگر بغیر سوچے سمجھے مختلف زبانوں کے الفاظ کے انبار اردو ذخیرۂ الفاظ میں بھر دینا مستحسن عمل نہیں۔ اردو غزل کو برتری تغزل دیتا ہے، اور دوسرے زبانوں کے الفاظ غزل کے ذخیرے میں اسی وقت حسن پیدا کرتے ہیں جب وہ غزلیہ اسلوب کی کٹھالی میں ڈھل کر آئیں۔

ظفر اقبال لفظ و معنی کے باہمی تعلق کو اپنے ہم عصر شعرا سے مختلف انداز سے دیکھتے ہیں۔ وہ لفظوں کے دروبست سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور قاری سے بھی اسی لطف کی توقع رکھتے ہیں۔

ان کے بعض اشعار میں بسا اوقات متضاد کیفیات ایک ہی مصرعے میں دکھائی دیتی ہیں۔ ان کی شعری تربیت اگرچہ کلاسیکی غزل کے ماحول میں ہوئی، اس کے باوجود لسانی تشکیل کے تناظر میں نئی لفظیات، نئے محاورے اور نئے نظامِ شعر کے باوجود ان کے یہاں مشرقی شعریات نمایاں رہتی ہے۔

ظفر اقبال کے ہاں صنائع بدائع کا استعمال بھی سلیقے سے ملتا ہے، مگر اگر وہ زود گوئی اور مقدار کے بجائے معیار کو مقدم رکھتے تو شاید زبان کی توسیع میں زیادہ دیرپا کردار ادا کرتے۔


بیسویں صدی میں اردو غزل: کلیدی نتائج اور شعری بقا

بیسویں صدی میں اردو غزل نے گویا آگ کے دریا کو عبور کیا۔ یہ اس لیے ممکن ہوا کہ غزل کی جڑیں پاک و ہند کی تہذیبی زمین میں گہری تھیں۔ ولی دکنی سے لے کر فراق گورکھپوری تک شعرا نے اس صنف کی تہذیبی آبیاری کی۔

اردو زبان کی طرح اردو غزل نے بھی برصغیر کی جملہ اہم زبانوں کے الفاظ اپنے دامن میں سمیٹے، لیکن وہ الفاظ صرف اسی وقت غزل کا حصہ بنے جب وہ تخلیقی تجربے سے گزر کر اس کے مزاج سے ہم آہنگ ہوئے۔

اس تہذیبی رچاؤ نے غزل کو مشکل حالات میں بھی سرخرو رکھا۔ آج بھی غزل کو کئی طرح کے چیلنج درپیش ہیں۔ اردو زبان کے مستقبل کے بارے میں بھی شکوک پیدا کیے جاتے ہیں۔ ہ

ندوستان میں اردو زبان اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، جب کہ پاکستان میں اس کی سرکاری حیثیت کے باعث حالات نسبتاً بہتر ہیں۔ لیکن غزل کے حوالے سے صورت حال اتنی تسلی بخش نہیں، کیونکہ غزل کو مشاق لکھاری اور تربیت یافتہ قاری درکار ہوتا ہے۔

تعلیمی اداروں میں ہم نصابی اور ادبی تربیت کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں۔ ٹی وی چینلز پر مزاحیہ مشاعروں اور سوشل میڈیا پر بے وزن، سطحی شاعری نے عوام کے ذوق کو متاثر کیا ہے۔

بیرونِ ملک خلیجی ریاستوں، یورپ، امریکہ اور آسٹریلیا میں مقیم بہت سے پاکستانی اور ہندوستانی اردو ادب کے فروغ کے لیے مشاعرے اور ادبی محافل منعقد کرتے ہیں، مگر وہاں بھی غزل گوئی کی صورتِ حال یکساں نہیں۔ بیشتر لوگ محض منظوم ہو جانے کو شعر سمجھنے لگے ہیں، حالانکہ غزل گوئی کے لیے ادبی تربیت اور تخلیقی ریاضت لازمی ہے۔

دنیا کے گلوبل ویل ہونے کے باعث کچھ لوگ بغیر فنی تربیت کے اپنی کچی پکی نظمیں اور غزلیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے شہرت چاہتے ہیں۔ بے وزن نظم تو نثری نظم کے نام پر کسی حد تک قبول کر لی جاتی ہے، مگر بے وزن غزل صنفِ غزل کے لیے بے اعتباری کی فضا پیدا کرتی ہے۔ جدیدیت کے شوق میں تغزل کی عدم موجودگی نے آج کی غزل کو سپاٹ بنا دیا ہے۔

اس لیے آج کی غزل کے بہت سے اشعار محض منظوم ابیات یا صحافتی قطعات سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتے، حالانکہ بیسویں صدی میں اردو غزل کی اصل قوت اس کے فنی وسائل، تغزل، رمزیت اور تہذیبی شعور میں پنہاں ہے۔

نظر ثانی و تصحیح: روبینہ خوشحال ایم فل اردو نمل یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس

اس تحریر پر اپنے رائے کا اظہار کریں