اردو ادب میں علامت نگاری کی تعریف، تاریخ اور اہمیت، تحریر از احمد سیال ایم فل اردو یونیورسٹی آف پشاور 2025
موضوعات کی فہرست
ادب کی دنیا میں علامت (Symbolism) محض ایک لفظ نہیں بلکہ معنویت کا ایک ایسا سمندر ہے جو اپنے اندر ان گنت مفاہیم چھپائے ہوئے ہے۔ انسانی تاریخ کے ابتدائی ادوار سے لے کر جدید دور کے پیچیدہ ادب تک، علامت نے ہمیشہ جذبات اور خیالات کے اظہار میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ذیل میں ہم علامت کی تاریخ، اس کی فنی حیثیت اور مختلف ناقدین کی آرا کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
انسانی تاریخ اور علامت کا آغاز
اگر ہم تاریخ کے اوراق پلٹیں تو معلوم ہوتا ہے کہ قدیم انسان زبان و بیان کی ان باریکیوں سے ناواقف تھا جو آج ہمارے پاس موجود ہیں۔ تہذیب و تمدن کے ارتقا سے پہلے، جب انسان الفاظ کے پیچ و خم سے انجان تھا، اس وقت بھی جذبات کے اظہار کی ضرورت موجود تھی۔۔
- اشاروں کی زبان: جب انسان کے شعور نے آنکھ کھولی تو اس نے اپنی بات سمجھانے کے لیے اشاروں اور کنایوں کا سہارا لیا۔ یہی اشارے دراصل علامت کی ابتدائی شکل تھے۔
- الفاظ کا روپ: وقت گزرنے کے ساتھ جب ان اشاروں کو آواز اور الفاظ کا جامہ پہنایا گیا تو ادب وجود میں آیا۔ یوں ہم کہہ سکتے ہیں کہ علامت کا سفر انسانی زندگی کے ساتھ ساتھ جاری رہا ہے۔
یہ صرف ادب تک محدود نہیں رہی بلکہ مذہب، نفسیات، ریاضی، فلسفہ اور دیو مالا جیسے علوم میں بھی اس کا گہرا عمل دخل ہے۔
اردو ادب اور علامت کی اہمیت
اردو ادب میں ابتدا سے ہی شعرا اور ادبا نے علامت کو اپنی تحریروں کا حسن بنایا ہے۔ موجودہ عہد میں بھی یہ اظهار کا ایک مؤثر ترین ذریعہ ہے۔
علامت کی سب سے بڑی خوبی اس کی "تہ داری” ہے۔
اس میں ایک ہی وقت میں ایک سے زیادہ معنی پوشیدہ ہوتے ہیں۔ یہ ایک ایسا خوبصورت اُسلوب ہے جو کسی بھی فن پارے کی جاذبیت میں اضافہ کرتا ہے اور فنکار کو اپنے ذاتی تجربات و مشاہدات دوسروں تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔ اسے ادب میں کبھی ایک "صنف” اور کبھی "اُسلوب” کے طور پر دیکھا گیا۔
ناقدین کی نظر میں علامت کی فنی حیثیت
مختلف ناقدین نے علامت کی فنی خوبیوں کو اپنے اپنے انداز میں بیان کیا ہے۔ ان کے خیالات درج ذیل ہیں:
علی حیدر ملک:
"علامت نگاری بھی دوسرے اسالیب اور طریقہ ہائے اظہار کی طرح ایک اُسلوب اور طریقۂ اظہار ہے۔”
ص ۶۵ مضمون علامتی افسانہ کیوں اور کیوں نہیں مصنف علی حیدر الملک** شہزاد منظر:**
یہ بھی علی حیدر ملک کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ:
"علائم نگاری صنف کا نہیں اُسلوب کا نام ہے۔”
مضمون اردو میں علامتی افسانہ کا مستقبل باشنراد منظره در ساله، شاعر ۰۱۹۸۲، ص11ڈاکٹر رفعت اختر:
ان کا نظریہ تھوڑا مختلف ہے، وہ کہتی ہیں:
"علامت ایک ایسی صنعتِ شعر و ادب ہے جسے شاعر روزِ اول ہی سے برتتے آئے ہیں۔”
کتاب علامت سے امیج تک ، مصنفہ ڈاکٹر رفعت اختر،ص9جوگندر پال:
یہ علامت کو افسانے کا ایک بہت قیمتی آلۂ کار مانتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے:
"افسانہ کہنے کے ان گنت جانے اور انجانے طریقے ہیں… علامت، تجرید اور اسطور بھی بیانیہ کے مانند ہمارے افسانے کے گراں بہا ذرائع ہیں، تاہم قیمتی سے قیمتی ذرائع بھی اس شے کا نعم البدل نہیں ہوتے جس کے حصول کی خاطر کام میں لایا جاتا ہے۔”
ص ۲۳۳ مضمون نیا اردو افسانہ، زبان و بیان کے مسائل، جوگندر پال، کتاب جوگندر پال ، ڈاکٹر
علامت کی تعریف و مفہوم
اردو ادب کے آغاز سے آج تک علامت کی تعریف کرنے کی کئی کوششیں کی گئی ہیں۔ ناقدین کے اقوال کی روشنی میں اس کے چند اہم مفاہیم یہ ہیں:
عمومی مفہوم:
علامت سے مراد کوئی بھی ایسی شے ہے جو کسی دوسری چیز کی نمائندگی کرے۔ یہ ادب میں پیشکش کا وہ انداز ہے جو قاری کے ذہن کو کسی خیال یا ماورائی تصور کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ معنویت کی ایسی سطح پیدا کرتی ہے جسے عام الفاظ بیان کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔
لغوی اور تخلیقی مفہوم:
- دو چیزوں کا ملاپ: لغوی سطح پر علامت (Symbol) کا مطلب دو چیزوں کو جوڑنا ہے۔ جب یہ جڑتی ہیں تو ایک تیسری چیز جنم لیتی ہے، جو نہ صرف ان دونوں کا مجموعہ ہوتی ہے بلکہ ان سے منفرد بھی ہوتی ہے۔
- رومانی نظریہ: علامت نگاری رومانیت کے تخلیقی تصور پر مبنی ہے۔ اس میں فطرت کو اس کے ظاہری خدوخال میں نہیں بلکہ تخیل کے آئینے میں دیکھ کر ایک نئی شکل دی جاتی ہے۔
- وسیع استعارے: علامتیں دراصل وسیع استعارے ہیں جو شعوری اور لاشعوری رشتوں کو ابھار کر افسانے میں معنوی گہرائی پیدا کرتی ہیں۔
- لاشعوری زبان: یہ ایک لاشعوری زبان ہے جو مختلف جذبوں میں ڈھل کر ادب میں ظاہر ہوتی ہے۔
- لطیف جذبات کا اظہار: یہ ایسی ذہنی اور جذباتی کیفیتوں کا نام ہے جو اتنی نازک ہوتی ہیں کہ انہیں صرف غنائی (Lyrical) انداز میں ہی بیان کیا جا سکتا ہے۔
انگریزی لغات کے مطابق
- Dictionary of Literary Terms & Theory:
"A literary symbol combines an image with a concept. (words themselves are a kind of symbol) it may be public or private, universal or local.”
p.885. A dictionary of literary terms and literary theory (1) Edtioted by J.A. Cuddon)
- Encyclopedia Britannica:
"Symbol is a communication element intended to simply represent or stand for a complex of person, object group, or idea. Symbol may be presented Graphically…”
علامت کی اقسام اور استعمال کے طریقے
انگریزی میں اسے Symbol کہا جاتا ہے۔ اس کی خاصیت یہ ہے کہ یہ اصل چیز کو ہو بہو پیش کرنے کے بجائے اس کے تصور یا خیال کو سامنے لاتی ہے۔ اسی لیے علامت کو "کثیر المعنی” (Multi-layered meanings) کا خزانہ بھی کہا جاتا ہے۔
اس کے استعمال کی دو بنیادی صورتیں ہیں:
- سادہ اور قابل فہم: جس تک عام قاری آسانی سے پہنچ جاتا ہے۔
- پیچیدہ اور مشکل: جو انسانی عقل و فہم سے پرے ہوں اور قاری کو دماغ پر زور ڈالنا پڑے۔
اردو افسانے میں علامت کے تین اہم ذرائع
عمومی طور پر اردو افسانہ نگار علامت کے لیے تین راستے اختیار کرتے ہیں:
- تاریخی و مذہبی حوالہ جات: آسمانی صحیفوں (قرآن و انجیل)، اساطیر (یونانی و ہندوستانی)، لوک کہانیوں اور قدیم داستانوں کے کرداروں کو آج کے دور سے جوڑ کر پیش کرنا۔
- مظاہرِ فطرت: قدرتی نظاروں، چرند پرند اور دیگر اشیاء کو علامتی شکل دینا۔
- عہدِ حاضر کی ایجادات: مصنف اپنے دور کی نئی چیزوں اور معمولات کو علامت بنا کر پیش کرتا ہے۔
علامت کی درجہ بندی (Classification)
علامت کو عموماً تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے:
- روایتی علامتیں (Traditional): وہ علامتیں جو صدیوں سے استعمال ہو رہی ہیں اور جن کے معنی طے ہو چکے ہیں۔
- آفاقی علامتیں (Universal): جن کا مفہوم پوری دنیا میں یکساں سمجھا جاتا ہے۔
- ذاتی یا شخصی علامتیں (Private/Personal):
یہ فنکار کے نجی تجربات پر مبنی ہوتی ہیں۔ چوں کہ ان کا تعلق تخلیق کار کی ذات سے ہوتا ہے، اس لیے ان میں ابہام (Ambiguity) کا خطرہ رہتا ہے۔ اگر قاری فنکار کی نفسیات اور حالات سے واقف نہ ہو تو وہ معنی کی بھول بھلیوں میں کھو سکتا ہے۔ تاہم، جب نجی علامتیں بار بار استعمال ہوں اور عام ہو جائیں، تو وہ پہلے آفاقی اور پھر روایتی علامتوں کا درجہ حاصل کر لیتی ہیں۔
علامت اور دیگر ادبی اصطلاحات میں فرق
اکثر ناقدین علامت کو تشبیہ، استعارہ اور تمثیل کے ساتھ خلط ملط کر دیتے ہیں کیوں کہ ان میں کچھ قدر مشترک ہے۔ لیکن ان کے درمیان ایک باریک سا فرق موجود ہے جسے سمجھنا ضروری ہے۔
علامت اور تشبیہ (Simile) کا فرق
تشبیہ کے لغوی معنی ایک چیز کو دوسری چیز جیسا قرار دینا ہے۔ اس کے چار اجزاء ہوتے ہیں (مشبہ، مشبہ بہ، وجہ شبہ، حرفِ تشبیہ)۔
- واضح فرق: تشبیہ میں "وجہِ شبہ” اور دونوں چیزوں (مشبہ اور مشبہ بہ) کا ذکر صاف صاف موجود ہوتا ہے۔ فنکار خود بتا دیتا ہے کہ وہ کس چیز کو کس سے ملا رہا ہے۔
- رمزیت کی کمی: تشبیہ میں وہ رمز اور ابہام نہیں ہوتا جو علامت کی جان ہے۔ علامت میں ایک چیز کا ذکر ہوتا ہے جبکہ دوسری چیز (جس کی طرف اشارہ ہے) پوشیدہ ہوتی ہے۔ علامت قاری کو تلاش پر مجبور کرتی ہے، جبکہ تشبیہ سامنے کی بات کرتی ہے۔
- نظرِ ثانی و تصحیح:
- مجاہد حسین شاہ
- معلمِ اردو
- کنکورڈیا کالج، مارگلہ کیمپس، ڈی۔۱۷، اسلام آباد
